چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی زیر صدارت نیشنل جوڈیشل (پالیسی سازی) اور گورننگ باڈی آف ایکسیس ٹو جسٹس ڈویلپمنٹ فنڈ کے اجلاس

184

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے نیشنل جوڈیشل (پالیسی سازی) کمیٹی (این جے پی ایم سی) اور گورننگ باڈی آف ایکسیس ٹو جسٹس ڈویلپمنٹ فنڈ (اے جے ڈی ایف) کے دو الگ الگ اجلاسوں کی صدارت کی۔ ان اجلاسوں کا اہتمام لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹریٹ نے کیا تھا۔

جمعہ کو لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق  نیشنل جوڈیشل (پالیسی سازی) کمیٹی نے انصاف کے شعبے کے اداروں بشمول عدلیہ، پولیس، پراسیکیوشن، جیلوں، خصوصی عدالتوں اور انتظامی ٹربیونلز کے زیر التوا مقدمات، سزاؤں اور بریت اور چالان، اپیلوں اور جیل کے حالات وغیرہ کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ لیا۔

کمیٹی نے قرار دیا کہ پولیس اور پراسیکیوٹرز کی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا فقدان فوجداری نظام انصاف کی ناقص کارکردگی کے اہم عوامل ہیں۔ محکمہ پولیس میں تفتیش کے خصوصی کیڈر، محکمہ پراسیکیوشن کی مضبوطی اور محکمہ تفتیش کے ساتھ اس کی ہم آہنگی سے مقدمات کی کارروائی کے عمل میں بہتری آئے گی۔ کمیٹی نے صنفی بنیاد پر تشدد کے اعدادوشمار کا بھی جائزہ لیا اور ایسے مقدمات کی سماعت کے لیے مخصوص عدالتوں کے قیام پر زور دیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ ریونیو کے مقدمات کو نمٹانے کے لیے عدالتوں کو موثر اور مناسب مدد فراہم کرنے کے لیے اپنی صلاحیت کو بہتر بنائے۔ نیشنل جوڈیشل (پالیسی سازی) کمیٹی نے ہائی کورٹس پر زور دیا کہ وہ عدالتوں پر غیر ضروری قانونی چارہ جوئی کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے متبادل تنازعات کے حل کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کریں۔ ایکسیس ٹو جسٹس ڈویلپمنٹ فنڈ کی گورننگ باڈی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان نے ضلعی عدلیہ اور پسماندہ علاقوں کی عدالتوں کی ترقی کے لیے فنڈ کے موثر استعمال پر زور دیا۔

گورننگ باڈی نے مستحق مدعیان کو مفت قانونی امداد کی سہولت کی فراہمی کے لیے ملک بھر میں 124 اضلاع میں ڈسٹرکٹ لیگل ایمپاورمنٹ کمیٹیوں کی فعالیت کو بہتر بنانے کے لیے عوامی آگاہی کی حکمت عملی کی منظوری دی۔ گورننگ باڈی نے جوڈیشل اکیڈمیوں کے لیے 38 ملین روپے کی فنڈنگ ​​کی تجاویز کی بھی منظوری دی ہائی کورٹس پر زور دیا کہ وہ ہر ضلع میں خواتین جوڈیشل افسران، عدالتی عملے، وکلاء اور مدعیان کو عدالتی سہولیات اور خدمات کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں۔

اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ کل انسانی حقوق کے یونیورسل ڈیکلیریشن کی 75 ویں سالگرہ ہے جو پوری دنیا میں منائی جائے گی اور اس سال کا مرکزی موضوع "عزت، آزادی اور انصاف سب کے لیے” ہے جو براہ راست این جے پی ایم سی اور اے جے ڈی ایف کے مینڈیٹ سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ اے جے ڈی ایف کی گورننگ باڈی نے معاشرے کے پسماندہ طبقات کو قانونی طور پر بااختیار بنانے اور انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے 1.4 بلین روپے مختص کیے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہریوں کے آئینی حقوق کا تحفظ اور دفاع کرنا عدلیہ کا اولین فرض ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگرچہ فوری انصاف کی فراہمی عدلیہ کی ذمہ داری ہے لیکن ’’انصاف سب کے لیے‘‘ کا تعلق صرف عدالتوں میں ہونے والے فیصلوں سے نہیں ہے بلکہ انصاف کی فراہمی انصاف کے تمام اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان کا فوجداری انصاف کا نظام کسی بھی دوسری ریاست کی طرح پولیس، پراسیکیوشن، عدلیہ اور جیل وغیرہ پر انحصار کرتا ہے۔ ان تمام اداروں کو انصاف کے نظام کے موثر کردار کے لیے قریبی ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاسوں میں چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت جسٹس ڈاکٹر سید محمد انور، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس قیصر رشید خان، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق شریک ہوئے ۔

علاوہ ازیں اجلاسوں میں سیکرٹری وزارت قانون و انصاف، اسپیشل سیکرٹری فنانس ڈویژن، وزارت داخلہ اور ممبر فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے شرکت کی جبکہ صوبائی انسپکٹرز جنرل پولیس، اسلام آباد اور صوبائی پراسیکیوٹر اور ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر آئی سی ٹی نے بھی این جے پی ایم سی کے اجلاس میں شرکت کی۔