چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس کا انعقاد، عدلیہ کے لئے خدمات پر خراج تحسین

133

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں جمعہ کو سپریم کورٹ میں فل کورٹ ریفرنس منعقد ہوا ۔نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی، سپریم کورٹ کے ججز ،ایڈہاک ججز، شریعت اپلیٹ کورٹ کے ججز، بار ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور سینئر وکلا نے فل کورٹ ریفرنس میں شرکت کی۔فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے اعلیٰ منصب کے قابل سمجھنے پر اللہ تعالیٰ کاشکراداکیااورکہا کہ انہیں اپنے دورمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا ۔انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی یقینی بنانےمیں وکلاء کا کرداراہم ہے۔

قاضی فائزعیسیٰ نے کہا کہ بطور بلوچستان ہائیکورٹ چیف جسٹس کے انتخاب پر سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا شکر گزار ہوں۔چیف جسٹس نے فل کورٹ ریفرنس پر تمام افرادکاشکریہ اداکیا۔نامزدچیف جسٹس یحییٰ آفریدی نےفل کورٹ ریفرنس سے اپنے خطاب میں قانون کی حکمرانی کویقینی بنا نے کے عز م کااعادہ کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی کیلئےباراور بینچ کے درمیان تعاون ناگزیر ہے ۔

انہوں نے خواتین ،بچوں اورخصوصی افراد کے کیسزکی ترجیحی بنیادوں پر سماعت کی ضرورت پرزوردیا۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ بارکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا، وہ ایک اچھاقت گزار کرجارہے ہیں، ان کی کمی محسوس کی جائے گی نامزدچیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اورا ن کی فیملی کی صحت کیلئے نیک خواہشات کااظہارکیا۔فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 15سالہ عدلیہ فرائض کی انجام دہی میں آئین قانون ،جمہوریت اور احتساب میں غیر متزلزل رہے اوروہ آزادی اظہار رائےاور خواتین کے حقوق کے علمبردار رہے۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیض آباد دھرنا کیس میں تاریخی فیصلہ دیا ،انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار واضح کیا، منصور عثمان اعوان نے کہا کہ چیف جسٹس نے مقدمات کی سماعت کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کا فیصلہ کیا، چیف جسٹس کے اختیارات کو کمیٹی کے سپرد کرنے جیسے اہم فیصلے دئیے، چیف جسٹس کا عام انتخابات کے انعقاد کو ممکن بنانے میں اہم کردار ہے، اٹارنی جنرل نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تمام سٹیک ہولڈرز کو جمہوریت کی بقاء کیلئے انتخابات پر راضی کیا۔ تقریب سے پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین فاروق ایچ نائیک، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد شوکت نے بھی خطاب کیا اور سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کو خراج تحسین پیش کیا ۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔