چیف جسٹس گلزار احمد سے بہالپور بار ایسوسی ایشن کے 10 رکنی وفد کی ملاقات

126

اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ بار کی معاونت کے بغیر انصاف کی مناسب انداز میں فراہمی ممکن نہیں ہے ۔ منگل کو سپریم کورٹ سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بہالپور بار ایسوسی ایشن کے 10 رکنی وفد نے صدر بار لیاقت سمیع خان کی سربراہی میں یہاں چیف جسٹس گلزار احمد سے ملاقات کی ۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے وفد کا خیر مقدم کیا اور بہاولپور بار ایسوسی ایشن کی نئی مرتب کی گئی ویب سائٹ کا افتتاح بھی کیا ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ بار کی معاونت کے بغیر انصاف کی مناسب انداز میں فراہمی ممکن نہیں ہے ، چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ وکلاء اپنے پیشے کے ساتھ ایمانداری دکھا ئیں اور عدالتوں میں پوری تیاری کیساتھ پیش ہوں ،چیف جسٹس آف پاکستان نے وکلاء کو پیشہ وارانہ زندگی میں کامیابی اور کیسز کی بہترین تیاری کیلئے قانون سمیت فلسفہ ،تا ریخ ،جغرافیہ اور ادب کو بھی پڑھنے کا مشورہ دیا ۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے وکلاء کو اپنے پیشے کے ساتھ ایمانداری دکھا نے اور عدالتی احترام کو ملحوظ خاطر رکھنے کا مشورہ بھی دیا ، دوران ملاقات قانون سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے وفد کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا ،ملا قات کے آخر میں وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں بہالپور بار آنے کی دعوت بھی دی۔