23.2 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومعلاقائی خبریںچیف سیکرٹری کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں اور گورننس اصلاحات پر پیش...

چیف سیکرٹری کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں اور گورننس اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس

- Advertisement -

پشاور۔ 21 اپریل (اے پی پی):چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور گورننس اصلاحات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اصلاحاتی حکمت عملیوں اور گورننس روڈ میپس پر کام جاری ہے، جو سیکرٹریز کمیٹی کے گذشتہ اجلاس میں دی گئی ہدایات کی روشنی میں محکموں کے لئے تیار کیے جا رہے ہیں۔ ادارہ جاتی کارکردگی اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے کلیدی کارکردگی اشاریہ، جامع ایکشن پلانز اور محکموں کی آئندہ تین سالوں کیلئے حکمت عملیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ شہری منصوبہ بندی کے شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ صو بہ کے مختلف شہروں کے لیے 16 ماسٹر پلانز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ چار ماسٹر پلانز تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ اس کے علاوہ، پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی، ایبٹ آباد اور چارسدہ کے لئے لینڈ یوز پلانز بھی تیار کر لئے گئے ہیں۔ سیاحت کے فروغ کے لئے اہم سیاحتی مقامات کے ماسٹر پلانز کی تیاری بھی زیر غور ہے۔ چیف سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) اور اسٹریٹجک ترقیاتی منصوبہ بندی کو ماسٹر پلانز سے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

- Advertisement -

انفراسٹرکچر کے شعبے میں پیش رفت سے متعلق بتایا گیا کہ پشاور میں نئے بس ٹرمینل پر تیز رفتاری سے تعمیراتی کام جاری ہے، جس کی تکمیل رواں سال جون تک متوقع ہے۔ اسی طرح پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (BRT) اسٹیشنز اطراف پر ٹریفک روانی کو یقینی بنانے کے لئے حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔ شفافیت اور استعداد کار کو بہتر بنانے کے لیے بتایا گیا کہ آٹھ محکموں نے ای پاک ایکوزیشن اینڈ ڈسپوزل سسٹم اپنایا ہے، جس کے تحت اب تک 42 ٹینڈرز پورٹل پر اپلوڈ کیے جا چکے ہیں۔

چیف سیکرٹری نے محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) کو ہدایت کی کہ وہ تعمیراتی منصوبوں، خصوصاً سکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیر میں جدید اور مؤثر تکنیکی طریقے اختیار کریں تاکہ کم وقت اور کم لاگت میں عوامی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ اجلاس میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے فلیگ شپ پروگرام ”تعلیم کارڈ” پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد مستحق طلبہ کو تعلیمی معاونت فراہم کرنا اور معیاری تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانا ہے۔چیف سیکرٹری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت ترقی کے عمل کو مزید تیز، شفاف اور مؤثر بناتے ہوئے عوامی خدمت کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585322

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں