اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):چیف ٹریفک پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے ٹریفک کی مؤثر روانی اور مہمان کرکٹ ٹیم کی آمد و رفت کے دوران لگائے گئے روٹ کا معائنہ کیا اور ٹریفک کے بہاؤ اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور فوری اقدامات کے احکامات جاری کیے۔
پولیس ترجمان کے مطابق سی ٹی او اسلام آباد ٹریفک پولیس نے صبح سویرے روٹ کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ مرکزی شاہراہوں پر غیر ضروری دباؤ سے بچنے کے لیے متبادل راستوں اور سروس روڈز کا استعمال کریں۔ سی ٹی او ٹریفک پولیس نے مہمان کرکٹ ٹیم کے روٹ پر تعینات افسران کو خصوصی بریفنگ دی۔
ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت دی گئی کہ دورانِ روٹ اہم شاہراہوں کو کم سے کم وقت کے لیے بند رکھا جائے۔سی ٹی او کی جانب سےشہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ داری سے ڈیوٹی انجام دینے کی سخت ہدایات جاری کی گئیں۔سی ٹی او نے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سفری سہولیات اور محفوظ نقل و حرکت کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565938