13.8 C
Islamabad
جمعرات, فروری 27, 2025
ہومکھیل کی خبریںچیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا، ہیڈ...

چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا، ہیڈ کوچ عاقب جاوید

- Advertisement -

راولپنڈی۔26فروری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا۔ ٹیم نے توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھائی جو ایک حقیقت ہے۔ گزشتہ روز راولپنڈی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ٹیم توقعات کے برعکس کھیلتی ہے تو سب سے زیادہ دکھ کھلاڑیوں کو ہوتا ہے۔

قوم کو یہ یقین رکھنا چاہیے کہ ٹیم کی طرف سے پوری کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں کوئی معذرت نہیں ہوتی، پاکستان اور بھارت کے میچ میں جذبات مختلف ہوتے ہیں۔ بھارت کے خلاف اسکور 280 ہوتا تو مقابلہ بہتر ہو سکتا تھا، 240 رنز کا دفاع کرنے کے لیے وکٹیں لینا ہوتی ہیں اور اٹیک کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم بہت تجربہ کار ہے جبکہ پاکستان کے پاس زیادہ تر نوجوان کھلاڑی تھے جو پریشر میں اچھا نہیں کھیل سکے۔

- Advertisement -

انہوں نے مزید کہا کہ ون ڈے میں سات بیٹرز اور چار باؤلرز کا کمبی نیشن کھلایا جاتا ہے ، صائم ایوب بیٹنگ کے ساتھ کچھ اوورز بھی کرا سکتے تھے، اسی لیے ان کی جگہ خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ عاقب جاوید نے کہا کہ بڑے میچوں میں میچ ونر کھلاڑیوں کا ہونا ضروری ہوتا ہے، فخر زمان اور صائم ایوب کی عدم موجودگی سے فرق پڑا۔ انہوں نے کہا یہ نہیں ہوسکتا کہ ہارنے پر پوری ٹیم بدل دیں اور انڈر 19 ٹیم کھلا دیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سفیان مقیم باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور ہمیں پتا ہے انہیں کہاں کھلایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے لیے جو بہتر ہو گا اب وہی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم سے موازنہ کر لیں شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف بہترین باؤلر ہیں، بابر اعظم کے متبادل ہمارے پاس کیا آپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ پر مرکوز ہے۔ واضح رہے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ (کل) بروز جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566632

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں