چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 میں نورپور لائنز نے اینگرو ڈولفنز کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دیدی

258
اے بی ایل سٹالینز اور یو ایم ٹی مارخورز کے درمیان چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 کا فائنل ( بدھ کو ) کھیلا جائے گا

راولپنڈی۔20دسمبر (اے پی پی):چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 میں نورپور لائنز نے آفاق آفریدی اور موسیٰ خان کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت اینگرو ڈولفنز کو بآسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا ۔ڈولفنز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 71 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، آفاق آفریدی نے 5 اور موسیٰ خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں ،نورپور لائنز نے مطلوبہ ہدف 9 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ،عمیر بن یوسف نے 34 رنز بنائے ، آفاق آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔لائنز نے اس فتح کے ساتھ 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ ڈولفنز کو مسلسل ساتویں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے اٹھارویں میچ میں اینگرو ڈولفنز کے کپتان فہیم اشرف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا ۔ڈولفنز کی ٹیم آفاق آفریدی اور موسیٰ خان کی تباہ کن بائولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 16 اوورز میں 71 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔وقار احمد 16 ، صاحبزادہ فرحان 4 ، سلمان خان جونیئر 9 ، محمد ریاض اللہ 7 ، قاسم اکرم صفر ، محمد غازی غوری ایک ، فہیم اشرف 3 ، عباس آفریدی صفر ، شایان شیخ صفر اور رمیض جونیئر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔لائنز کے آفاق آفریدی نے 18 رنز کے عوض 5 اور موسیٰ خان نے 14 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔

جواب میں نورپور لائنز نے مطلوبہ ہدف 9 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔عمیر بن یوسف 34 رنز بنا کر نمایاں رہے ، حسن نواز اور شرون سراج صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد طحہٰ نے ناقابل شکست 28 رنز بنائے ، فہیم اشرف نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔آفاق آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔