چین میں مقیم پاکستانی طلباءغازی ہیں، وہ کورونا وباءکے خلاف جنگ میں کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی بیجنگ میں پاکستانی طلباءسے گفتگو

192

بیجنگ ۔ 17 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے دو ہونہار افسران کی خدمات اور چین میں مقیم پاکستانی طلباءکی ہمت اور ان کی رضاکارانہ سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ چین میں مقیم پاکستانی طلباءغازی ہیں، وہ کورونا وباءکے خلاف جنگ میں کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی منگل کو دورہ چین کے موقع پر وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے ہمراہ بیجنگ میں پاکستانی طلباءکے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ پاکستانی طلباءنے صدر پاکستان، وزیرخارجہ اور وزیر منصوبہ بندی کو بیجنگ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چینی حکومت کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بہترین انداز میں ہمارا خیال رکھا اور ہم حکومت پاکستان بالخصوص وزیراعظم عمران خان کے بھی بے حد شکر گزار ہیں کہ انہوں نے فرمان نبوی پر عمل کرتے ہوئے ہمیں وباءسے متاثرہ علاقے سے نہیں نکالا، اب چین نے اس وباءپر قابو پا لیا ہے، ہمیں اپنی پاکستانی قوم کو ان حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنا ہو گا تاکہ وہ احتیاطی تدابیر کو اپنا کر اس وباءکا شکار ہونے سے بچ سکیں۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے طلباءکو مبارکباد دی کہ وہ ماشاءاللہ سب صحت مند ہیں۔ صدر مملکت نے طلباءسے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کو بروئے کار لا کر پاکستانی عوام میں اس وباءسے بچنے کیلئے آگاہی مہم شروع کریں۔ صدر پاکستان نے مزید کہا کہ چین میں مقیم پاکستانی طلباءغازی ہیں کیونکہ وہ اس وباءکے خلاف جنگ میں کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں۔ صدر پاکستان نے مزید کہا کہ ایسے حالات میں لوگ اپنے اداروں کو چیلنج کرنا شروع کر دیتے ہیں جبکہ یہ وقت اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کا ہوتا ہے لہٰذا جس طرح بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ نے آپ کی کڑے وقت میں مدد کی ہے، آپ اس کا اظہار بھی سوشل میڈیا پر کریں تاکہ آپ کے تجربات سے پاکستانیوں کے حوصلے بلند ہوں اور وہ اس کڑے وقت کا مقابلہ کر سکیں۔ طلباءکی طرف سے تعلیمی نقصان کی شکایت پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ کرونا ایک عالمی وباءہے جس سے دنیا بھر میں یونیورسٹیز بند ہیں اور شہر لاک ڈاو¿ن ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین میں مقیم پاکستانی طلباءکی ہمت اور ان کی رضاکارانہ سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی حکومت کی طرف سے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر خارجہ نے بھی طلباءسے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کو اب اس کورونا چیلنج کا سامنا ہے اور ایک موت بھی واقع ہو چکی ہے آپ کیونکہ اس مرحلے سے گزر چکے ہیں آپ کی رہنمائی بہت معاون ثابت ہو گی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ جب چین میں کورونا وائرس کی وباءپھوٹی تو پاکستانی طلباء نے ”ووہان سٹوڈنٹ گروپ“ بنایا اور اس کے ذریعے طلباءاپنے خدشات اور صورتحال کا اظہار کرتے تھے جس سے ہمیں صورتحال کی نزاکت کا ادراک رہتا تھا، آج اگر آپ اس ساری صورتحال سے مطمئن ہیں تو میری گزارش ہو گی کہ آپ اسی سوشل میڈیا گروپ کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی پاکستانی قوم کی رہنمائی کریں، انہیں حوصلہ دیں اور اس وباءسے پچنے کےلئے ان کی رہنمائی کریں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم واپس پاکستان جا کر آپ کا پیغام پوری قیادت کو دیں گے۔ انہوں نے بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ کے دو افسران جنید اور سلمان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارے قومی ہیرو ہیں جنہوں نے اس کڑے وقت میں پاکستانی طلباءکی مدد کی۔ چین میں مقیم پاکستانی طلباءنے پاکستانی کھانے کی فراہمی کا مطالبہ کیا جس پر وزیر خارجہ نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت نے پاکستانی طلباءکیلئے کین فوڈز کا اہتمام کیا ہے جسے جلد سی ون تھرٹی کے ذریعے ووہان پہنچایا جائے گا۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے طلباءکو خوشخبری سنائی کہ آج زراعت اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان اور چین کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر پاکستانی سفارتخانہ خارجہ کے دونوں افسران جنید اور سلیمان مسعود نے بھی صدر پاکستان کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا کہ کس طرح انہوں نے ووہان جا کر وہاں کے ہسپتالوں کا دورہ کیا اور پاکستانی طلباءکو اعتماد دلایا کہ پاکستان کی حکومت اور پاکستان کا سفارتخانہ اس مشکل گھڑی میں شانہ بشانہ آپ کے ساتھ کھڑا ہے ۔