چین میں پاکستان کی سفیر نغمانہ ہاشمی کا چینی اخبار کا انٹرویو

126

اسلام آباد ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) چین میں پاکستان کی سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار دوستی دونوں ملکوں کے مابین عملی تعاون کی وجہ سے نئے دور میں داخل ہوگئی ہے۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اقتصادی زونز کی تعمیر پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں،پاکستان چین کی ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے کوشاں ہے۔چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار دوسرا بڑا برآمدی ملک بن گیا ہے۔جمعہ کو معروف چینی اخبار’پیپلز ڈیلی‘کو انٹرویو دیتے ہوئے نغمانہ ہاشمی نے کہا کہ قراقرم ہائی وے دنیا کی بلند ترین کراس بارڈر بین الاقوامی ہائی وے ہے، جسے 1960اور 1970کے مابین پاکستانی انجینئرزنے تمام تر مشکلات کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے مابین واحد زمینی راستہ کھول دیا تھا۔اسے دنیا کا آٹھواں عجوبہ بھی کہا جاتا ہے ،جو پاک چین فرینڈ شپ کیلئے انتہائی اہم چینل ہے۔ قراقرم ہائی وے کی تعمیر سے مقامی معیشت اور دونوں ملکوں کے مابین سماجی ۔اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ ملا۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سفیر نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں انفرا سٹرکچر اور توانائی منصوبوں پر توجہ دی گئی جو تقریبا مکمل ہو چکے ہیں۔اب سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے،جس میں قتصادی زونز کی تعمیر بھر پور توجہ دی جارہی ہے۔