بیجنگ۔16اکتوبر (اے پی پی): چین نے روس کے لئے برکس کی سربراہی کی حمایت کر دی۔ یہ بات چینی وزیر خارجہ نے پیر کو اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے ساتھ بات چیت کے دوران کہی۔روسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ چین 2024 میں برازیل، روس، بھارت، چین، جنوبی افریقہ پر مشتمل ابھرتی ہوئی معیشتوں پر مشتمل گروپ برکس کے سربراہ کے طور پر روس کی سرگرمیوں کی حمایت کرتا ہے۔
گزشتہ اگست میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے برکس سربراہی اجلاس کے بعد 6 نئے اراکین نے برکس میں شمولیت اختیار کی ہے جبکہ ارجنٹائن ، مصر، ایران، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور ایتھوپیا 2024 میں اس گروپ میں شامل ہوں گے۔واضح رہے کہ روس روٹیشن اصول کے تحت آئندہ سال برکس کی چیئرمین شپ سنبھالے گا۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس اور چین دونوں ممالک کو برکس میں نئے ممالک کی شمولیت کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا چاہیے تاکہ یہ گروپ زمین کے جنوبی نصف کرے کے ممالک کے درمیان تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن سکے۔