چین پاک اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ کے تحت مسافر بس کا آغاز

98

اسلام آباد ۔ 06 جنوری(اے پی پی)چین پاک اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ کے تحت مسافر بس کا آغاز کیا گیا ہے۔ نارتھ ساوتھ ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کمپنی (این ایس ٹی این) کے زیر انتظام چلنے والی بس پاکستان کے شہر لاہور کو چین کے تاریخی شہر کاشغر سے ملائے گی۔ بس میں دونوں جانب دو دو نشستیں لگائی گئی ہیں۔ پاکستان سے چین کا سفر کرنے والے افراد کے لئے کچھ عرصہ قبل تک ہوائی سفر ہی واحد ذریعہ تھا تاہم اب زمینی راستہ سے چین کا سفر بھی کیا جا سکتا ہے۔ این ایس ٹی این کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر محمد انور نے کہا ہے کہ اس سلسلے کی ابتدائی بسیں اپنے آزمائشی سفر مکمل کر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، اسلام آباد اور گلگت بلتستان کے دلفریب علاقوں سے گزرتی ہوئی یہ بس سوست کے مقام پر سرحد عبور کر کے چین داخل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بس کا ایک طرف کا سفر 36 گھنٹے جبکہ مجموعی طور پر دو طرفہ سفر تقریبا 72 گھنٹے کا ہے ۔ مسافروں کے پاس بس پر سوار ہونے سے قبل ضروری سفری دستاویزات یعنی ویزہ وغیرہ کا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بس سروس کا آغاز کاروباری افراد کو سامنے رکھ کر کیا گیا ہے۔