لاہور۔9مارچ (اے پی پی):تین چینی کمپنیوں نے خوراک کے شعبے میں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ایف پی سی سی آئی کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر اور حال ہی میں چین کا دورہ کرنے والے فوڈ ایکسپورٹرز کے وفد کے سربراہ شاہد عمران نے اتوار کو یہاں دورہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ کمپنیاں فوڈ مشینری اور ٹیکنالوجی میں مہارت رکھتی ہیں اور ان کا مقصد پاکستان کی وسعت پذیر فوڈ انڈسٹری سے فائدہ اٹھانا ہے، یہ بات چینی کمپنیوں کی پاکستانی فوڈ مارکیٹ، زرعی صلاحیت اور پراسیسڈ فوڈز کی بڑھتی ہوئی مانگ میں دلچسپی کی مظہر ہے، ایم او یوز پر دستخط سے ٹیکنالوجی کی منتقلی، مہارتوں کی ترقی اور تجارت میں اضافے کی راہ ہموار ہو گی۔
شاہد عمران نے کہا کہ پہلی کمپنی تائی ژو فولیڈا الیکٹرو مکینیکل کمپنی لمیٹڈ تائی ژو میں واقع ہے اور جدید فوڈ پراسیسنگ ور پیکیجنگ مشینری تیار کرتی ہے، فولیڈا پاکستان کے فوڈ سیکٹر میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کروانا چاہتی ہے جس سے مقامی فوڈ بزنس کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے اور بین الاقوامی معیارات پر پورا اترنے میں مدد ملے گی جبکہ دوسری کمپنی تائیوان ہائی ڈریم انٹلیکچوئلائزڈ مشینری کمپنی لمیٹڈ کا ہیڈ آفس فوشان میں ہے، یہ جدید ترین مشینری، آٹومیشن اور فوڈ پراسیسنگ آلات میں مہارت رکھتی ہے جو پاکستان کی غذائی پیداوار کے عمل میں انقلاب برپا کر سکتی ہے۔ تیسری کمپنی کے حوالے سے شاہد عمران نے بتایا کہ روگا میں واقع نانٹانگ ویلتھ مشینری کمپنی لمیٹڈ فوڈ پراسیسنگ، پیکیجنگ اور غذا کو محفوظ رکھنے کے لیے مشینری کی وسیع رینج تیار کرتی ہے اور قابل اعتماد و کم خرچ مشینری کے لیے معروف ہے،ویلتھ مشینری کمپنی پاکستانی کاروباری اداروں کے ساتھ شراکت سے مقامی چیلنجز سے نمٹنے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے غذائی تحفظ کو بہتر بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570496