اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):چین کی طرف سے پاک چین اقتصادی راہدراری میں نئے منصوبوں کو شامل نہ کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
جمعرات کو وزارت منصوبہ بندی کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین سی پیک کے دائرہ کو مختلف شعبوں میں وسعت دینے کے لئے پر عزم ہیں،سی پیک کے تحت منصوبوں کی بدولت پاکستان کے انفراسٹرکچر، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں بہتری آئی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سی پیک کی وجہ سے مختلف شعبوں میں جدت آئی اور ان شعبوں کی استعداد کار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا، سی پیک کی بدولت پاکستان کی اقتصادی حالت میں بہتری آئی اور دنیا کے سامنے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے بہترین منزل کے طور شناخت ملی، چین اور پاکستان سی پیک تعاون کو آبی وسائل، ماحولیاتی تبدیلی، زراعت اور سیاحت کے شعبوں تک توسیع دینے پر کام کر رہے ہیں، یہ شعبے پہلے ہی سے سی پیک کے طویل المدتی منصوبے کا حصہ تھے۔
گیارہویں جے سی سی میں ان منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے لئے متعلقہ ورکنگ گروپ میں لا کر حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا تھا، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اور ساحلی علاقوں میں سی پیک کے مختلف منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اور ساحلی علاقوں میں سی پیک کے تحت نئے منصوبوں کی شمولیت پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ پاکستان اور چین انفراسٹرکچر، اقتصادی ترقی، زراعت، قدرتی وسائل، برآمدات میں اضافے کے لئے صنعتوں کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں۔