چین کے وزیراعظم لی کیانگ کے ساتھ ٹیلی فون پر جامع اورنتیجہ خیز بات چیت کی ،سی پیک سمیت دیگر منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا،وزیراعظم شہباز شریف

91
شہباز شریف

اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے وزیراعظم لی کیانگ کے ساتھ انہوں نے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ علاقائی اورعالمی امورپر تبادلہ خیال کیا اور سی پیک سمیت پاکستان اورچین کے دیگر منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے چین کی وزیراعظم لی کیانگ کے ساتھ ٹیلی فون پر جامع اورنتیجہ خیز بات چیت کی جس میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی امن اور استحکام کو یقینی بنانے کےلئے چین کے اقدامات کو سراہتا ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے چین کے بنیادی معاملات پر اس کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے اور پاکستان کےلئے چین کی غیرمتزلزل حمایت کو سراہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے سی پیک سمیت پاک چین اقدامات پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اور مجھے یقین ہے کہ چین جدیدیت کی طرف پیشرفت جاری رکھے گا۔