چین کے تجربہ سے سیکھ کر کورونا وائرس کی وباء سے بچائو کے لئے مزید اقدامات کریں گے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی چین روانگی سے قبل گفتگو

118

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ان کے دورہ چین کا مقصد کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان کی طرف سے چینی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ پیر کو چین کے دو روزہ دورے پر روانگی سے قبل صدر مملکت نے کہا کہ انہیں اس دورہ کی دعوت ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ نے دی ہے۔ چین اس مشکل وقت میں پاکستان کی جانب سے تعاون اور اس پر کئے گئے بھروسے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے کورونا کی بڑی وباء کا مقابلہ کیا ہے جس کو ہم سراہتے ہیں ۔ یہ دنیا کے لئے ایک مثال ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم بھی چین کے تجربہ سے سیکھ کر کورونا کی وباء سے بچائو کے لئے مزید اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے میں وہ کورونا کی وباء سے چین میں ہونے والے جانی نقصانات پر چینی قیادت سے تعزیت کا بھی اظہار کریں گے۔