چین کے شہر ارومچی میں چائنا یوریشیا اجناس و تجارتی سامان پر مشتمل ایکسپو 2023 کے موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام پاکستانی آموں کے میلے”پاکستان مینگو فیسٹیول” کا انعقاد

140

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):وزارت تجارت کے ذیلی ادارے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹی ڈی اے پی)کے زیر اہتمام چین کے شہر ارومچی میں چائنا یوریشیا اجناس و تجارتی سامان پر مشتمل ایکسپو 2023 میں پاکستانی آموں کے میلے”پاکستان مینگو فیسٹیول” کا انعقاد کیا ۔ فیسٹیول کا افتتاح سنکیانگ کے گورنرکے ہمراہ سینیٹر رانا محمود الحسن اور سابق وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے مشترکہ طور پر کیا۔

فیسٹیول میں پاکستانی کاشتکاروں نے پاکستان پویلین میں سفید چونسہ کی ایک نئی قسم متعارف کرائی۔ وزارت تجاری کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چین کے شہر ارومچی میں 17 اگست 2023 سے چائنا یوریشیا اجناس و تجارتی سامان پر مشتمل ایکسپوشروع ہے، ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے نمائش میں ”پاکستان مینگو فیسٹیول” کا انعقاد کیا گیا ہے۔

سینیٹر محمود الحسن نے مینگو فیسٹیول کے شرکا کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ”مینگو ڈپلومیسی”نے پاک چین تعلقات کو فروغ دینے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے جیسا کہ 1960 کی دہائی میں پاکستان کے وزیر خارجہ نے چیئرمین مائوزے تنگ کو آموں کا تحفہ پیش کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی آم اپنے ذائقے اور خوشبو میں منفرد ہیں اور اپنی مٹھاس کی وجہ سے مشہور ہیں۔ انہوں نے ذکر کیا کہ پاکستان نے ان آموں کو کوویڈ 19 وبائی امراض کے بعد چین میں متعارف کرایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا میں آم کا چھٹا بڑا پیداواری اور چوتھا بڑا برآمد کنندہ ملک ہے۔ انہوں نے چینی ماہرین کو پاکستان کی فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ سابق وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے فیسٹیول کی میزبانی پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا جس سے پاکستان کو پاکستانی آموں کی نمائش کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں سی پیک کی اہمیت کا مزید اجاگرکیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے اس وقت انتہائی ضروری انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبے فراہم کر کے پاکستان کی معیشت کو تبدیل کر دیا ہے جب پاکستان کو ان کی اشد ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کی 10ویں سالگرہ ایک نمایاں موقع ہے اور اس دہائی میں سی پیک کے اعلی معیار کی ترقی کے دوسرے مرحلے کی بنیاد رکھی ہے۔ پاکستانی آم کے ماہرین نے سفید چونسہ کی خصوصیات کے بارے میں بتایا اور گورنر اور دیگر اعلی حکام کو ایک خصوصی تھالی اور ”مینگو لسی” پیش کی۔ فیسٹیول میں مقامی اور دیگر بین الاقوامی تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستان پویلین میں پاکستانی آموں اور دیگر مصنوعات کی آن لائن تشہیر کے لیے JD.com کے لیے ایک خصوصی بوتھ بھی شامل تھا۔

نمائش کنندگان نے اس انتہائی ضروری تقریب کے انعقاد میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور پاکستانی سفارت خانہ کی کوششوں کو سراہا۔ بیجنگ میںپاکستانی سفارت خانے نے چینی تاجروں کے ساتھ پاکستانی کاروباری اداروں کی بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا ہے، یہ فیسٹیول 21 اگست 2023 تک جاری رہے گا۔