چین، مسلم امہ سے تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

131
غیر یقینی صورتحال کو برقرار رکھنا، پاکستان کے مفاد میں نہیں ، الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری شفاف انتخابات کروانا ہے،مخدوم شاہ محمود قریشی

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین، مسلم امہ سے تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔

منگل کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے حوالے سے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انشااللہ او آئی سی کانفرنس کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

پاکستان کے حاسد اوآئی سی کانفرنس کامیاب ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اب بھی اوآئی سی کانفرنس کو ناکام بنانے کے لئے دن رات کوشش کررہا ہے ۔اللہ کی مدد شامل حال ہے انشااللہ او آئی سی کانفرنس ضرور کامیاب ہوگی ۔

بھارت کو خدشہ ہے کہ پاکستان اس کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اٹھائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کانفرنس میں مسلم امہ کی توجہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی جانب مبذول کروانی ہے۔بلاول بھٹوکو اوآئی سی کانفرنس کے ایجنڈے کا علم نہیں۔

کشمیر کے مسئلے کو اس کانفرنس میں جو اہمیت دی جائے گی وہ ماضی سے مختلف ہوگی ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار چینی وزیر خارجہ او آئی سی کانفرنس میں شرکت اور خطاب کریں گے۔چین، مسلم امہ سے تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔