چین،ترکی،امریکہ،فرانس،جاپان،بھارت،ابو ظہبی،افغانستان،سری لنکا،ہانگ کانگ سمیت دنیا بھر کے پاکستانی سفارتی مشنز میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا گیا

61
چین،ترکی،امریکہ،فرانس،جاپان،بھارت،ابو ظہبی،افغانستان،سری لنکا،ہانگ کانگ سمیت دنیا بھر کے پاکستانی سفارتی مشنز میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا گیا
چین،ترکی،امریکہ،فرانس،جاپان،بھارت،ابو ظہبی،افغانستان،سری لنکا،ہانگ کانگ سمیت دنیا بھر کے پاکستانی سفارتی مشنز میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا گیا

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):چین،ترکی،امریکہ،فرانس،جاپان،بھارت،ابو ظہبی،افغانستان،سری لنکا،ہانگ کانگ سمیت دنیا بھر کے پاکستانی سفارتی مشنز میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا گیا۔ منگل کو بیرون ممالک پاکستان سفارتی مشنز میں یوم پاکستان کی تقریبات منعقد ہوئیں۔اس موقع پر قومی پرچم بلند کیا گیا اور صدر مملکت و وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

پاکستانی سفرا اور شرکاء نے اس دن کی اہمیت کو اجاگر اورتحریک پاکستان کے رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔81 ویں یوم پاکستان کے موقع پر بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانہ میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستانی برادری کے ارکان اور چین و پاکستانی میڈیا کے نمائندوں سمیت مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاکستان کے سفیر معین الحق نے تحریک پاکستان کے رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 23 مارچ 1940ءکی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہ دن تھا جب جنوبی ایشیاءکے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں اپنے لئے ایک علیحدہ وطن بنانے کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی سفیر نے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کشمیر کاز کے لئے اپنی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سفیر نے مزید کہا کہ اس سال پاکستان اور چین اپنے باہمی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ یہ دونوں ممالک کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے جو نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان موجود مضبوط برادرانہ تعلقات کو منانے بلکہ متنوع شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کیلئے آگے بڑھنے کا باعث ہے۔

اسی طرح چینگ دو، گوانگ ژو، ہانگ کانگ اور شنگھائی میں پاکستانی قونصل خانوں میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے کہا کہ پاکستان امن و سلامتی اور پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن وہ ملک ہے جہاں عوام کی صلاحیتوں ،قدرتی وسائل اورجغرافیاتی محل و قوع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خطے کا تجارتی مرکز بنانے کیلئے بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ پاکستان کے سفیر نے افغانستان میں قیام امن کیلئے افغانوں کی قیادت میں اور افغانوں پر مشتمل سیاسی تصفیے کی ضرورت پر زور دیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے کونسلر اور سیکرٹری خارجہ کے سینئر مشیر ڈیریک چوللیٹ نے پاکستان کے قومی دن پر سیکریٹری خارجہ اور امریکی عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت افغان مسئلے کے خاتمے، دہشت گردی کو شکست دینے اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے سمیت دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

سینیٹر کرس وان ہولن نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے عوام نے قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کردہ اخوت ، مساوات اور آزادی کے اصولوں کے مشترکہ خواہشات رکھتے ہیں۔ سینیٹر ہولن نے اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے خطے کے طویل مدتی استحکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی سینیٹ میں دو طرفہ قانون سازی کریں گے جو امریکہ ، پاکستان اور افغانستان کے لئے تجارتی اور معاشی مواقع مہیا کرے گا۔