واشنگٹن۔26جنوری (اے پی پی):واشنگٹن کے قومی چڑیا گھر میں پانڈا پویلین کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا اور پانڈا ’’باؤ لی‘‘ اور ’’چھنگ باؤ‘‘ کو پہلی بار باضابطہ طور پر عوام کے سامنے پیش کیا گیا ۔
چینی میڈ یا کے مطابق امریکا میں چین کے سفیر شیے فینگ نے تقریب میں شرکت کی اور کہا کہ پانڈا چین کا قومی خزانہ اور چین کی ماحولیاتی تہذیب کی تعمیر کا ایک خوبصورت بزنس کارڈ ہے۔
چینی اور امریکی عوام کے درمیان پانڈا سے جڑے تعلقات نصف صدی پر محیط ہیں جو چین اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات کی تاریخ سے بھی زیادہ پرانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانڈا کی حفاظت کرنا فطرت کی حفاظت کرنا ہے اور پانڈا کو گلے لگانا امن اور دوستی کو گلے لگانا ہے۔
واضح رہے کہ 15 اکتوبر 2024 کو پانڈا باؤلی اور چھنگ باؤ سمتھسونین انسٹی ٹیوشن کے قومی چڑیا گھر پہنچے تھے جہاں وہ دس سال تک رہیں گے۔