بیجنگ۔21 فروری (اے پی پی)چینی صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر علی لاریجانی سے ملاقات کی۔ چائنا ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ چین کی جانب سے ایران کے ساتھ جامع سٹریٹجک ساتھی کے تعلقات کے فروغ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔چین علاقائی امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ایران کے تعمیری کردار کی حمایت جاری رکھے گا۔شی جن پنگ نے مزید کہا کہ نئی صورتحال کے پیش نظرچین اور ایران کو سٹریٹجک باہمی اعتماد کو گہرائی تک لے جانا چاہیئے ،اور ایک دوسرے کے مفادات سے تعلق رکھنے والے مسائل کو سمجھ کران پر زیادہ توجہ دینی چاہیے، رابطوںاور مشاورت کو مزید بڑھانا چاہیئے ،حقیقی تعاون کو فروغ دینا چاہیئے ،انسداد دہشت گردی ،انسانی اور ثقافتی تبادلوں اور تعاون کو مضبوط کرناچاہیئے۔انہوں نے کہا کہ عالمی امور میں کثیرالطرفہ مواقع پر رابطوں کو مضبوط کرناچاہیئے اور نئے عالمی تعلقات کی تشکیل اور انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو مشترکہ طور پر فروغ دیناچاہیئے۔