چینی صدر کی یورپی کونسل کے صدرسےٹیلیفونک گفتگو

118

بیجنگ۔16اکتوبر (اے پی پی):چینی صدر شی جن پنگ نے یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔چینی ریڈیو کے مطابق گفتگو کے دوران شی جن پنگ نے نشاندہی کی کہ رواں سال کے آغاز سے بین الاقوامی صورتحال میں نئی ​​تبدیلیاں آئی ہیں اور چین اور یورپی یونین کے تعلقات کو بھی نئے مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور یورپی یونین 2آزاد قوتیں اور جامع سٹریٹجک شراکت دار ہیں دونوں فریقوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ سٹریٹجک مواصلات کو مضبوط کریں اور مشترکہ طور پر چین یورپی یونین تعلقات کی صحت مند اور مستحکم ترقی کو فروغ دیں،یہ چین اور یورپی یونین کے مشترکہ مفادات میں ہے۔

اس دوران چارلس مشیل نے کہا کہ یورپی فریق باہمی احترام کے جذبے سے چین کے ساتھ بات چیت اور رابطے کو مضبوط بنانے اور اختلافات کو مؤثر اور مناسب طریقے سے حل کرنے پر تیار ہیں۔

یورپی یونین ایک چین کی پالیسی کی پاسداری کرتی ہے اور یورپی یونین بین الاقوامی معاملات کو سنبھالنے میں سٹریٹجک خود مختاری کو برقرار رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین چین کے ساتھ عملی تعاون کو گہرا کرنے ، عالمی ترقیاتی اقدامات پر تبادلے اور تعاون کرنے اور بڑے بین الاقوامی مسائل پر قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے پر آمادہ ہے۔