بیجنگ ۔ 10 اپریل (اے پی پی) چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے 22ویں موستار ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔نمائش کی افتتاحی تقریب بوسنیا و ہرزیگووینا کے تجارتی و ثقافتی شہر موستار میں منعقد ہوئی۔ لی کی چیانگ نے اپنے خط میں کہا کہ بوسنیا و ہرزیگوینا سمیت وسطی اور مشرقی یورپی ممالک اور چین کے تعلقات میں طویل عرصے سے ترقی کا اچھا رجحان برقرار رہا ہے۔ دونوں فریق ”سولہ جمع ایک تعاون“ سمیت متعدد پلیٹ فارمز کے ذریعے تعاون اور باہمی مفادات کو فروغ دے رہے ہیں۔ چین وسطی اور مشرقی یورپ کے ممالک کے ساتھ دو طرفہ کھلے پن کو مزید وسیع دینے کا خواہاں ہے، تاکہ دو طرفہ تجارت کی ترقی کو فروغ دیا جائے ، معاشی اور تجارتی تعاون کی سطح کو بلند کیا جائے تاکہ دونوں فریقوں کے عوام ان کامیابیوں کے ثمرات سے مزید مستفد ہوسکیں۔