چین۔ افریقہ تعاون فورم کی آٹھویں وزارتی کانفرنس میں صحت ایجنڈے کا اہم حصہ ہو گی ، چین

76

بیجنگ ۔26نومبر (اے پی پی):چینی وزارت خارجہ کے اعلی ٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ صحت سے متعلق چین۔ افریقہ تعاون کے فورم کی اس آٹھویں وزارتی کانفرنس میں شعبہ صحت ایجنڈے کا ایک اہم حصہ ہو گا ، جو 29 سے 30 نومبر کو سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں منعقد ہوناہے۔

وزارت خارجہ کے افریقی امور کے شعبہ کے سربراہ وو پینگ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جاری وبائی بیماری کورونا وائرس نے افریقہ کی اقتصادی اور سماجی ترقی اور چین ۔افریقہ کے تبادلوں میں بہت سی مشکلات پیدا کی ہیں ۔

انہوں نے مزیدکہا کہ چین وبائی صورتحال اور متعلقہ ممالک کی خواہشات کے مطابق کوویڈ۔ 19کے خلاف جنگ میں افریقی ممالک کی حمایت جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور افریقہ دونوں وبائی امراض کے خلاف جنگ جیتنے اور اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے چین۔ افریقہ تعاون کو اپ گریڈ کرنے اور بڑھانے کے لیے پراعتماد ہیں۔