18.8 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 4, 2025
ہومضلعی خبریںچیچہ وطنی،یوم یکجہتی کشمیر اپنے کشمیری بھائیوں کی عظیم جدوجہد سے تجدید...

چیچہ وطنی،یوم یکجہتی کشمیر اپنے کشمیری بھائیوں کی عظیم جدوجہد سے تجدید عہد کا دن ہے ،ڈپٹی کمشنر

- Advertisement -

چیچہ وطنی۔5فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرساہیوال محمد اویس ملک نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر اپنے کشمیری بھائیوں کی عظیم جدوجہد سے تجدید عہد کا دن ہے کہ پاکستانی قوم کبھی بھی اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، عالمی برادری نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لے اور انہیں حق خود ارادیت دلائے۔

وہ یہاں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر واک کے بعد ضلع کونسل ہال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صادق بلوچ،اے ڈی سی آر عاصم سلیم ،اسسٹنٹ کمشنر میاں سرمد حسین ،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہردیوان کے علاوہ اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن سید ضیااللہ شاہ بخاری ،شیخ اعجاز رضا اور بشپ ابراہم عظیم ڈینیئل ،سابق صدر چیمبر آف کامرس چوہدر ی زاہد حسین ، سرکاری محکموں کے افسران اور سول سوسائٹی نے بھی ریلی میں شرکت کی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا ہر فرد کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑا ہے اور انہیں بھرپور حمایت دیتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کی قربانیاں عالمی ضمیر پر سوالیہ نشان ہیں، جنہیں زیادہ دیر تک نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صادق بلوچ نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کی جدوجہدآزادی میں ساتھ ہے اورہمیشہ ساتھ رہے گی اور غاصب مودی سرکار طاقت کے زور پر کشمیریوں کاجذبہ حریت ختم نہیں کرسکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیریو ں کی سفارتی مدد جاری رکھے گااور کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سید ضیااللہ شاہ بخاری نے کہا کہ علماء کرام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ہم قدم ہیں،وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا –

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستانی عوام کا کشمیر یوں سے دل کا رشتہ ہے۔تقریب سے بشپ ابراہم عظیم ڈینیئل نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اقلیتی برادری کشمیری برادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہمیشہ ان کی آزادی کے لئے ہر طرح کی سپورٹ کرتی رہے گی۔

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ریلی بھی نکالی گئی جو ڈی سی چوک سے شروع ہو کر ضلع کونسل ہال پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکانے بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت میں نعرے درج تھے

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=293928

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں