ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کی زیر صدارت سال 2023ء کی سالانہ کارکردگی کے جائزہ اجلاس کا انعقاد

166
اقوام متحدہ اور انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کی دنیا بھر میں 114 ملین افراد کی زندگیوں کو بچانے کے لئے ہنگامی امداد کی اپیل

فیصل آباد۔ 04 جنوری (اے پی پی):ایف ڈی اے نے سال 2023ء کے دوران مختلف شعبوں کی سروسز سے متعلق مجموعی طور پر 6213 درخواستوں پر شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جن میں ون ونڈو کاؤنٹر پر 3530 درخواستوں اور ای خدمت مرکز کے ذریعے موصول ہونے والی 2683 درخواستوں کو تیز رفتاری سے نمٹایاگیا۔

یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی جس میں ون ونڈو کاؤنٹر اور ای خدمت مرکز سے موصولہ درخواستوں پر ریلیف کی فراہمی کیلئے سالانہ کارکردگی کاجائزہ لیاگیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جنید حسن منج، ڈائریکٹر آئی ٹی /فنانس یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹرز ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، عاصم محمود، ڈائریکٹر سٹیٹ مینجمنٹ دلاور خان چدھڑ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبد اللہ نور ودیگر افسران موجود تھے۔

اس موقع پر بتایاگیا کہ ای خدمت مرکز کے ذریعے موصول ہونیوالی درخواستوں پر گزشتہ سال کے دوران 1902 تکمیلی سرٹیفکیٹس (رہائشی)اور 206(کمرشل)، 885 نقشہ جات /بلڈنگ پلان رہائشی اور 103(کمرشل) کی منظوری، پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں 93 درخواستوں جبکہ 179درخواستوں پر جائیدادوں کی کمرشلائزیشن کی درخواستوں کو نمٹایا گیا۔

علاوہ ازیں ون ونڈو کاؤنٹر پر ٹاؤن پلاننگ رپورٹس، اونر شپ سرٹیفکیٹس، این او سی کے اجراء،کچی آبادیوں کے امور اور جائیدادوں کی منتقلی سمیت مختلف شعبوں سے متعلق 3530 درخواستوں پر محکمانہ سروسز فراہم کی گئیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے مختلف شعبوں کی کارکردگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو تیز رفتار محکمانہ سروسز کی فراہمی میں مزید بہتری لانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں اور کوئی درخواست/ فائل بلاجواز زیر التواء نہیں رہنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کو ایس ایم ایس کے ذریعے محکمانہ کارروائی کی اپ ڈیٹ کے بارے میں آگاہ رکھاجائے تاکہ ان کے اطمینان کے ساتھ محکمانہ اعتماد برقرار رہے۔انہوں نے افسران کومحکمانہ سروسز سے متعلق سٹاف کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی اور کہاکہ شفافیت اورمیرٹ کی پالیسی کا ہرصورت خیال رکھا جائے ،اس ضمن کوئی بے قاعدگی یا رخنہ اندازی نہیں ہونی چاہیے۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ شہریوں کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے محکمانہ سروسز کے معیار میں اضافہ اولین مشن ہے جس میں کامیابی کے لئے دیانتداری اور نیک نیتی سے فرائض انجام دینے میں کوئی کسر باقی نہیں رہنی چاہیے۔

اجلاس میں ونڈو کاؤنٹر اور ای خدمت مرکز سے موصولہ درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کی تفصیلات سے آگاہ کیاگیا اور بتایاکہ بعض درخواستوں پر قواعد و ضوابط/پالیسی کے حوالے سے اعتراضات کے بارے میں درخواست گزاروں کو آگاہ کردیاگیاہے جن کو پورا کرنے کی صورت میں فوری نمٹا دیا جائے گا۔