پشاور۔ 24 اگست (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد آیاز خان دورہ ضلع مہمند کے دوران دربار کا انعقاد کیا گیا۔ ریسکیو 1122 مہمند کے میڈیا کوارڈینیٹر کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر محمد آیاز خان نے ریجنل ڈائریکٹر آپریشن (سنٹر) ڈاکٹر میر عالم خان، ریجنل ڈائریکٹر آپریشن (ساؤتھ) عمران خان یوسفزئی اور پروٹوکول سکیورٹی آفیسر وسیم اورکزئی کے ہمراہ ضلع مہمند کا دورہ کیا۔
دورے کے موقع پر وہ ریسکیو 1122 مہمند کے دفتر گئے جہاں پر ریسکیو 1122 مہمند کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مہمند حیات اللّٰہ نے انہیں خوش آمدید کہا اور ریسکیو سروسز اور مختلف سٹال کے متعلق بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر محمد آیاز ریسکیو 1122 مہمند کے اہلکاروں میں گھل مل گئے۔ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر محمد آیاز خان نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار صوبے بھر میں عوام الناس کو کسی بھی ایمرجنسی کے دوران شب و روز بروقت خدمات فراہم کرتے ہیں جس کو ہر سطح پر سراہا جارہا ہے،
ریسکیو1122 اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور بہترین مستقبل کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں سر فہرست ریسکیو1122 اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کے لیے نجی ہسپتالوں کے ساتھ مفاہمتی یاداشتیں، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کیلئے شہدا پیکج، سروس سٹرکچر میں ترامیم اور پروموشنز کے لیے اقدامات شامل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 نے کہا کہ صوبے بھر میں 110 ریسکیو سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں زیادہ تر مستقل ریسکیو سٹیشنز قائم اور باقی زیر تعمیر ہیں جن میں دور دراز اضلاع میں قائم سٹیشنز میں فرائض سر انجام دینے والے اہلکاروں کی رہائش کیلئے بندوبستی کمرے بھی مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے سروسز جدید ترین آلات سے لیس اور عالمی معیار کے عین مطابق ہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کے دوران مددگار ثابت ہوتے ہیں، ریسکیو1122 ایک منظم ادارہ ہے، جس میں نظم و ضبط پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاتا تمام تر امور واضح کردہ اصولوں کے مطابق طے کیے جاتے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 نے ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے پیش کی جانے والی مختلف آرا کو سننے کے بعد فوری ضروری کاروائی کیلئے موقع پر موجود افسران کو فی الفور عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ سروس کی بہتری کی آرا کو مستقبل میں امدادی سرگرمیوں کے دوران استعمال کرکے مزید مدد ملے جس کا براہ راست فائدہ عوام الناس کو ہوگا. آخر میں ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 نے مختلف ایمرجنسیز میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے اہلکاروں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔