اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز (ڈیمپ)میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے جمعرات کو تصویری نمائش اور پینٹنگز کے مقابلے کا اہتمام کیا۔
ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز ، وزارت اطلاعات کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کشمیر کے بارے میں ڈیجیٹل تصویری نمائش اور پینٹنگز مقابلے کا اہتمام پاک چائنہ فرینڈشپ سنٹر میں کیا گیا ۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کی طرف سے تیار کی گئی دو دستاویزی فلموں کی نمائش بھی کی گئی۔
پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے اشتراک سے منعقدہ نمائش کا مقصد بھارتی غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنا تھا۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے پینٹنگز مقابلوں میں نمایاں پوزیشن لینے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔آنسہ زوبید نے پہلی جبکہ آنسہ عائشہ زاہد نے دوسری اور آنسہ سیدہ مشیدہ زہرہ نے تیسری پوزیشن حاصل کیں۔
لیفٹیننٹ کرنل شاہد رفیق نے کشمیر کے بارے میں ڈاک لفافوں کے اپنے ذاتی مجموعہ کی نمائش کی۔ نیشنل آرکائیوز اینڈ میوزیم انسٹی ٹیوٹ نے بھی نمائش کے انعقا د میں ڈائریکٹوریٹ سے تعاون کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات مبشر توقیر، ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز ثمینہ فرزین اور وزارت اطلاعات کے دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔