30.5 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومقومی خبریں''ڈاکٹر اشفاق احمد: پاکستان کے جوہری پروگرام کا آئیکون'' کے عنوان سے...

”ڈاکٹر اشفاق احمد: پاکستان کے جوہری پروگرام کا آئیکون” کے عنوان سے کتاب کی تقریب رونمائی، سائنسدانوں کی کاوشوں کی بدولت پاکستان کو ایک طاقتور اور خودمختار ریاست کے طور پر مقام حاصل ہے، سینیٹر مشاہد حسین سید

- Advertisement -

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):ملک کے ممتاز سائنسدان ڈاکٹر اشفاق احمد کی خدمات کے اعتراف اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ”ڈاکٹر اشفاق احمد: پاکستان کے جوہری پروگرام کا آئیکون” کے عنوان سے کتاب کی تقریب رونمائی منگل کو یہاں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سینیٹر مشاہد حسین سید تھے۔ پاکستان نیوکلیئر سوسائٹی (پی این ایس) کے زیر اہتمام شائع ہونے والی یہ کتاب ایک بعد از وفات سوانح عمری ہے ۔

ممتاز فزکس دان ڈاکٹر امتیان الٰہی قریشی کی مرتب کردہ یہ کتاب ڈاکٹر اشفاق احمد کی جوہری پروگرام میں خدمات کا موثر احاطہ کرتی ہے اور اس میں ان کے رفقاء کار کی جانب سے پیش کیے گئے تاثرات بھی شامل ہیں۔ پاکستان نیوکلیئر سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر ایم طاہر خلیق نے تقریب کے شرکا کا خیر مقدم کیا اور قومی سائنسی کامیابیوں پر قابل فخر جذبات کے ساتھ اس تقریب کا آغاز کیا۔ ڈاکٹر امتیان الٰہی قریشی نے کہا کہ اس کتاب میں پاکستان کے جوہری سفر کی متوازن اور جامع تصویر کشی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اشفاق نے ہمارے معاشرے میں سائنسدانوں اور انجینئروں کے مقام کو بلند کیا۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے اپنے کلیدی خطاب میں مرحوم سائنسدان ڈاکٹر اشفاق احمد کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ اس کتاب کی رونمائی کا مئی کے مہینے میں، یوم تکبیر سے پہلے منعقد ہونا ایک علامتی حیثیت بھی رکھتا ہے جو پاکستان کے تاریخی جوہری تجربات کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب حالیہ آپریشن ‘بنیان مرصوص’ میں پاکستان کی کامیابی کے ساتھ بھی مطابقت رکھتی ہے جو ہماری قومی دفاعی طاقت کی عکاسی کرتا ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین نے ڈاکٹر اشفاق احمد کو سائنسدانوں کی برادری میں بلند پایہ شخصیت قرار دیا اور ان کی اصول پسندی، وژن اور غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سائنسدانوں کی کاوشوں ہی کی بدولت پاکستان ایک طاقتور اور خودمختار ریاست کے طور پر اپنا مقام برقرار رکھے ہوئے ہے۔

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے سابق چیئرمین انجینئر پرویز بٹ نے ڈاکٹر اشفاق کے ساتھ جوہری دفاعی پروگرام کے اہم سالوں میں کام کرنے کی ذاتی یادیں بیان کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر اشفاق نے 30 سے زائد کلیدی سائنسی و تکنیکی ادارے قائم کیے اور میرٹ کی بنیاد پر باصلاحیت افراد کی پہچان اور تربیت کو ہمیشہ ترجیح دی۔ پی اے ای سی میں مختلف حیثیتوں سے خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر شمیم احمد چوہدری نے نے جوہری طب، زراعت اور تحقیق جیسے منصوبوں میں ڈاکٹر اشفاق کے کردار پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے 2014 میں پاکستان کو CERN کا ایسوسی ایٹ ممبر بنانے میں ان کے اہم کردار کا بھی ذکر کیا جو بین الاقوامی سائنسی تعاون کا ایک اہم سنگ میل تھا۔ سٹریٹجک امور کے سینئر مشیر ایئر کموڈور (ر) ڈاکٹر خالد بنوری نے 280 صفحات پر مشتمل اس کتاب کا جائزہ پیش کیا اور ڈاکٹر اشفاق احمد کی شخصیت کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ڈاکٹر اشفاق کی یکسوئی، عزم اور وژن کو اجاگر کیا ، وہ خوبیاں جنہوں نے عالمی شکوک و شبہات اور پابندیوں کے باوجود پاکستان کے جوہری پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ ڈاکٹر اشفاق احمد کے بیٹے اعجاز احمد کا خصوصی پیغام سابق چیئرمین پی اے ای سی محمد نعیم نے پڑھ کر سنایا۔ اس پیغام میں ڈاکٹر اشفاق کی ذاتی اقدار ، سادگی، عاجزی اور دانشمندی کو اجاگر کیا گیا اور بتایا گیا کہ وہ مادی مفادات کے بجائے بامقصد کام پر یقین رکھتے تھے۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر امتیان الٰہی قریشی نے کتاب کی ایک کاپی مہمان خصوصی سینیٹر مشاہد حسین سید کو پیش کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596577

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں