غریبوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، بیوروکریسی کو عوامی خدمات یقینی بنانا ہوگی، ڈاکٹر شہباز گل

51

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ غریبوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، بیوروکریسی کو عوامی خدمات یقینی بنانا ہوگی، وزیراعظم ملک میں کمزور طبقہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل کی بھرپور کاوش کی وجہ سے آج ایک اور بیوہ خاتون کو انصاف ان کی دہلیز پر میسر کیا گیا ہے، خاتون کے شوہر کی پینشن کا چیک 2017 میں ملنا چاہیے تھا لیکن بیوروکریسی کے افسران نے بیوہ کو ان کے حق سے محروم رکھا،

جس پر ایکشن لینے کے بعد ذمہ داران افسران کو معطل کر دیا گیا ہے اور انکوائری کے بعد اس کے خلاف مزید کارروائی شروع کی جائے گی۔ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کے میں وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر آج یہ 14 لاکھ روپے کا چیک خود اس بیوہ خاتون کو دینے آیا ہوں تا کہ پھر کوئی کالی بھیڑ ان سے رشوت وصول نہ کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کے اب نواز شریف اور حمزہ شہباز کی طرح ہر کرپٹ افسران کا بھی احتساب کیا جائے گا، ہمیشہ کی طرح ہم غریب کی آواز بنیں گے ان کی آواز سنیں گے اور جو ان سے تعاون نہیں کرے گا ان کے گلے میں احتساب کا پھندا ڈالا جائے گا۔

معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ ایک طرف حمزہ شہباز کے اکائونٹ میں 25 ارب روپے ڈال دیے جاتے ہیں اور ان کو یہ نہیں پتا کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا ہے، اور دوسری طرف پاکستان کے غریب عوام کو صدیوں سے ان کے حقوق سے محروم رکھا جاتا رہا۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا ک پاکستان (ن) لیگ کے دور حکومت میں گرے لسٹ میں گیا تھا ۔موجودہ حکومت نے فیٹف ایکشن پلان پر تیزی سے عمل کیا اور آج فیٹف کے 27 میں سے 26 اہداف پر عملدرآمد ہو چکا ہے۔پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ پاکستان دشمن عناصر چاہتے ہیں کہ یہاں پر افراتفری ہو غریب عوام کا چولا نہ چلے لیکن ان کے یہ ناپاک عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے۔