ڈاکٹر عبدالرحمن کو سی ڈی اے کا ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز تعینات کر دیا گیا

10

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ڈاکٹرعبدالرحمن کو ڈائریکٹر جنرل کیپٹل ایمرجنسی سروس (بی پی ایس 20) تعینات کر دیا ہے، ان کی تقرری کنٹریکٹ بنیاد پر دو سال کے لیے کی گئی ہے جو کارکردگی کی بنیاد پر قابل توسیع ہوگی۔جمعہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈاکٹر عبدالرحمن اس سے قبل پنجاب ایمرجنسی سروسز (ریسکیو 1122) میں راولپنڈی ریجن کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، انہیں ریسکیو آپریشنز، فائر فائٹنگ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے وسیع پیشہ ورانہ تجربہ حاصل ہے۔

سی ڈی اے کیپٹل ایمرجنسی سروس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے نئے وسائل، تربیتی پروگرامز اور تیز رفتار رسپانس سسٹمز متعارف کروا رہی ہے تاکہ شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ اس ضمن میں ماہر اور تجربہ کار افسران کی شمولیت کو ادارے کی ترجیح قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ تعیناتی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت اسلام آباد میں فائر فائٹنگ کا ایک موثر اور جدید نظام قائم کیا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ کی ہدایت ہے کہ مارگلہ ہلز پر آتشزدگی جیسے واقعات پر پیشہ ورانہ مہارت سے فوری قابو پایا جائے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں آتشزدگی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ایک متحرک اور بروقت ردعمل دینے والا نظام تشکیل دیا جائے۔