لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان ، خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہورمولانا عبدالخبیر آزاد نے بادشاہی مسجد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہلیان لاہور اور ہم سب کے لیے بڑے اعزاز اور فخرکی بات ہے کہ بادشاہی مسجد لاہور میں عالم اسلام کی عظیم شخصیت اور دنیا میں امن کے سفیر خطیب وامام حج فضیلتہ الشیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسی حفظہ اللہ سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی خطبہ جمعتہ المبارک ارشاد فرمائیں گے۔
عوام الناس سے اپیل ہے کہ 14 اکتوبر بروز جمعتہ المبارک بادشاہی مسجد لاہور میں اس عظیم اجتماع میں بھرپور شرکت کریں ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسی کو لاہور آمد پر ہم دل کی اتھا ہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا ایک عظیم دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے،فضیلتہ الشیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسی کے دورہ سے پاکستا ن اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مستحکم و مضبوط ہوں گے،آخرمیں عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ،پاکستان کے استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔