34.4 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںڈریپ کی آن لائن رجسٹریشن اور لائسنسنگ سے شفافیت آئے گی ،...

ڈریپ کی آن لائن رجسٹریشن اور لائسنسنگ سے شفافیت آئے گی ، ڈاکٹر ندیم جان

- Advertisement -

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کی آن لائن رجسٹریشن اور لائسنسنگ سے شفافیت آئے گی اور عوام کی شکایات کا ازالہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ڈریپ کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ سسٹم کو آن لائن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نگران وزیر صحت نے کہا کہ جوابدہی اور اصلاحات کا نظام لاگو کر دیا ہے، اس سے پہلے ہم اینڈرائیڈ ایپ لائے تھے تاکہ ادویات کی قلت کے حوالے سے معلومات دستیاب ہو سکیں، اس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے، ادویات کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے حوالے سے شفاف نظام وضع کر دیا ہے، ایسا نظام متعارف کرا دیا ہے جس میں انسانی مداخلت کی ضرورت نہیں ہو گی۔

- Advertisement -

کوئی بھی کمپنی آن لائن اپلائی کر سکتی ہے اسے کسی کے پاس جانے کی ضرورت نہیں، ایک وقت مقرر کیا جائے گا جس میں درخواست نمٹاناہو گی، درخواست دینے والی کمپنی اپنی درخواست کی ٹریکنگ بھی کر سکے گی، ایک ماہ یا اس کم مدت میں مقررہ معیار پر پورا اترنے والی کمپنی کو ان کی درخواست کی منظوری سے آگاہ کر دیا جائے گا اور اگر کوئی اعتراضات ہوں گے تو ان سے بھی مطلع کر دیا جائے گا۔اس سسٹم سے ادویات کی قیمتوں اور دستیابی پر بھی نظر رکھی جا سکے گی، کمپنیوں میں مسابقت کا ماحول پیدا ہو گا اور ادویات کی ذخیرہ اندوزی اور زائد قیمت وصول کرنے سمیت مختلف شکایات کا ازالہ بھی ممکن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی شکایت سے گھر بیٹھے آگاہ کر سکتے ہیں، اس سسٹم کے ذریعے ڈریپ کو جوابدہ بنایا جائے گا، ادویات کی طلب و رسد کی معلومات آن لائن دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے ڈریپ کو ہدایت کی کہ صوبوں کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر آن لائن میٹنگ کرے اور ادویات کی سپلائی مانیٹرنگ اور سرویلنس بہتر بنائے۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ وزات صحت نے آج ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فارما انڈسٹری میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی پر بھی کام ہو رہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=417248

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں