نارووال۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام سلام ٹیچر ڈے کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی محمد یسین ورک کی خصوصی درخواست پر ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔سی ای او ایجوکیشن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چیف گیسٹ کا استقبال کیا اور سکول کی طالبات نے مہمان خصوصی کو سلامی بھی پیش کی۔اس تقریب میں ضلع بھر کے تمام سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز اور اساتذہ کوبہترانرولمنٹ،ڈسپلن،بہتر تعلیمی رزلٹس اور اعلی تعلیمی خدمات کی بنیاد پر ہیرو ٹیچر ایوارڈز سے نوازا گیا۔
حاضرین محفل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نارووال کا کہنا تھا کہ ٹیچر کا پیشہ تو انبیاء کا پیشہ ہے اس کی عظمت اور مرتبے کا کوئی کیسے اندازہ کرسکتے ہیں۔آپ ہمارے محسن ہیں اس ملک کا بہتر مستقبل آپ اساتذہ کے ہاتھ ہے۔جب نبیؐ آخر الزماں خود فرماتے ہیں کہ مجھے معلم بنا کر مبعوث کیا گیا ہے اور آپ انتہائی خوش قسمت ہیں کہ آپ کے حصے میں یہ سعادت آئی ہے۔مجھے اپنے اساتذہ پر فخر ہے کہ وہ تمام تر چیلنجز کے باوجود محنت اور لگن سے کام کررہے ہیں۔میں بہتر کارکردگی پر ایوارڈ حاصل کرنے والے تمام تر اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ابراہیم گورائیہ کی قیادت میں وکلاء،اساتذہ،طلباء اور میڈیا کے نمائندگان کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔\