27.7 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومعلاقائی خبریںڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم کے فیلڈ آفس کا...

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم کے فیلڈ آفس کا افتتاح

- Advertisement -

راولپنڈی ۔6ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ و بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصراور پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر پلیتھا ماھیپالا نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم کے فیلڈ آفس کا افتتاح کیا۔اس موقع پربریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع راولپنڈی کی آبادی 6.2ملین ہے جس میں 1.01 ملین بچوں کی آبادی ہے۔

ضلع راولپنڈی میں 2010 میں پولیو کا آخری کیس رپورٹ ہوا جبکہ اگست میں مثبت ماحولیاتی نمونوں کے بعد خصوصی طور پر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا گیا۔صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے قریب ہیں۔پاکستان میں انسداد پولیو مہم میں ڈبلیو ایچ او کا کلیدی کردار ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی میں پی آئی آئی فیلڈ آفس کے قیام سے انسداد پولیو مہم کو مزید تقویت ملے گی۔

- Advertisement -

رواں ہفتے پنجاب کے دو اضلاع لاہور اور راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم کا خصوصی طور پر آغاز کیا گیا ہے۔مہم لاہور اور راولپنڈی میں مثبت ماحولیاتی نمونوں کے تناظر میں شروع کی گئی۔ڈاکٹر جمال ناصر نے مزید کہا کہ مہم کا مقصد وائرس کے پھیلائو کو روکنا ہے، مہم کو ایونٹ رسپانس کا نام دیا گیا ہے جس کے دوران 7 لاکھ 87 ہزار بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔حکومت پولیو کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے۔

پولیو فری پاکستان کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انسداد پولیو مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈاکٹر پلیتھا ماھیپالا نے کہا کہ سٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی میں پی آئی آئی فیلڈ آفس کے قیام کا مقصد پاکستان کو ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے پولیو فری بنانا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مثالی اقدامات کی وجہ سے دنیا بھر میں پولیو کے خاتمے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر کوآرڈینٹر صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹرعنصر اسحاق، سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر اعجاز احمد، ڈی ایچ او ڈاکٹر احسان غنی، کوآرڈینٹر ڈبلیو ایچ او ضلع راولپنڈی ڈاکٹر شمائلہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=387562

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں