واشنگٹن۔ 09 نومبر (اے پی پی) امریکی اپوزیشن جماعت کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ 276 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے امریکا کے 45 ویں صدر منتخب ہو گئے۔ ارب پتی تاجر اور ریئلٹی ٹی وی سٹار ڈونلڈ ٹرمپ نے حکمران جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار اور سابق خاتون اول ہلیری کلنٹن کو شکست دیکر دنیا بھر اور امریکا میں رائے عامہ کے جائزوں کو غلط ثابت کردیا ۔ ہلیری کلنٹن کو امریکا کی انتہائی شمالی اور انتہائی جنوبی ریاستوں میں کامیابی حاصل ہوئی اور انہوں نے 218الیکٹورل ووٹ حاصل کئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران خودکو تبدیلی کا حامی اور ”سٹیٹس کو“ کے شدید مخالف کے طور پر پیش کیا۔ انہوں نے امیگریشن کے نظام میں اصلاحات لانے ‘ حکومت کی سمت درست کرنے اور کئی تجارتی معاہدے ختم کرنے کے نعرے لگائے۔فتح کے بعد اپنے حامیوں سے خطاب میں انہوں نے اپنی حریف ہلیری کلنٹن کو خرج تحسین پیش کیا۔انہوں نے اپنے خاندان کے افراد اور ساتھیوں کی بھی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے انہیں بہتر مستقبل کے لئے ووٹ دیئے۔ان کے پاس بہترین معاشی منصوبہ ہے۔مخالفین کو بھی ساتھ لے کر چلیں گے اور اختلافات ختم کر کے ملک کو متحد کریں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ دنیا بھر میں آفس ٹاورز ‘ ہوٹلوں ‘ کیسینوز‘ گالف کورسز اور دیگر معروف تنصیبات کے مالک ہیں۔