ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیجیٹل کرنسی کے استعمال کے حامی پال ایٹکنز کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کا سربراہ نامزد کر دیا، بٹ کوائن کی قیمت ایک لاکھ 2 ہزار ڈالر سے متجاوز

146

نیویارک۔5دسمبر (اے پی پی):امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیجیٹل کرنسی کے استعمال کے حامی پال ایٹکنز کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی) کا سربراہ نامزد کر دیا ہے ۔ کرپٹو کرنسی انڈسٹری کی جانب سے پال ایٹکنز کی نامزدگی کو خوش آئند اقدام قرار دیا گیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران امریکا کے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے موجودہ سربراہ گیری گینسلر کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا وعدہ کیا تھا کیونکہ انہوں نے اپنے دورمیں امریکا میں ڈیجیٹل کرنسی استعمال کرنے والو ں کے خلاف کریک ڈائون کیا تھا۔ اے ایف پی کے مطابق پال ایٹکنز 2002 سے 2008 تک سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں بطور کمشنر تعینات رہے ۔

انہوں نے 2009 میں رسک کنسلٹنسی فرم پیٹومیک گلوبل پارٹنرز کی بنیاد رکھی، جس کے کلائنٹس میں بینکنگ، ٹریڈنگ اور کرپٹو کرنسی کی صنعتوں کی کمپنیاں شامل ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اس موقع پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پال ایٹکنز 2017 سے ڈیجیٹل چیمبر آف کامرس کے شریک چیئرمین رہے ۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ ڈیجیٹل اثاثے اور دیگر اختراعات امریکا کو عظیم تر بنانے کے لیے بہت اہم ہیں۔ ایک الگ بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق سینیٹر کیلی لوفلر کو سمال بزنس ایڈمنسٹریشن کا سربراہ نامزد کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیلی لوفلر سرخ فیتے کے اثرات کو کم کرنے کے اپنے تجربے کو بروئے کار لائیں گی اور ہمارے چھوٹے کاروباروں کے لیے ترقی، اختراعات اور پھلنے پھولنے کا موقع فراہم کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیلی لوفلر ان کی افتتاحی کمیٹی کی شریک چیئر مین بھی ہوں گی۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران کرپٹو کرنسی کے حامیوں نے ان کو خطیرعطیات فراہم کئے ۔ا ن لوگوں میں سے کچھ ریپبلکن میگا ڈونر، ٹیسلا اور سپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک کے بھی شامل ہیں۔

بلاک چین ایسوسی ایشن کے سی ای او کرسٹن سمتھ نے اس نامزدگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئےپال ایٹکنز کو بہترین انتخاب قرار دیا۔ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اقدام کے بعدمعروف ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی ایشیائی ٹریڈ میں قیمت بڑھ ایک لاکھ 2 ہزار 700 ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد بٹ کوائن کی قیمت میں 50 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔