ڈویلپمنٹ لیڈرشپ ایوارڈز کا مقصد ملک کی ترقی میں اپنی صلاحیتوں کو بروکار لانے والے افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال

99
احسن اقبال
ڈویلپمنٹ لیڈرشپ ایوارڈز کا مقصد ملک کی ترقی میں اپنی صلاحیتوں کو بروکار لانے والے افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایوارڈز کا مقصد ملک کی ترقی میں اپنی صلاحیتوں کو بروکار لانے والے افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، یہ افراد انتھک محنت کے نتیجے میں ایوارڈ کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی جانب سے منگل کو یہاں منعقد کی جانے والی ڈویلپمنٹ لیڈرشپ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پاکستان کی ترقی میں گمنام ہیروز کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات نے 75 افراد کو ڈویلپمنٹ لیڈرشپ ایوارڈز سے نوازا جبکہ ملک کے 60,000 نوجوانوں کیلئے انٹرن شپس پروگرام کا بھی آغاز کیا۔ تقریب میں وزارت منصوبہ بندی سید ظفر علی شاہ، چیف اکانومسٹ، ایوارڈ یافتگان، طلباء اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال تقریب کی مہمان خصوصی تھے۔

ایوارڈز کی تقریب کو تین حصوںمیں تقسیم کیا گیا (40 سال سے زائد عمر کے)جنہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا، ملک کے ابھرتے ہوئے نوجوان رہنما (40 سال سے کم عمر) جو پاکستان کی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں گے اور سمندر پار پاکستانی جنہوں نے وسائل پاکستان کی ترقی کے لیے اپنی صلاحیتوں کو وقف کیا جبکہ بااختیار نوجوان انٹرن شپ پروگرام ( بی این آئی پی ) منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی وزارت کی طرف سے شروع کیا گیا جس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔

پروگرام کا مقصد نوجوان گریجویٹس کو 60,000 بامعاوضہ انٹرن شپس پیش کرنا ہے۔ ہر انٹرن شپ 6-12 ماہ کی مدت تک جاری رہے گی۔ اس مدت کے دوران، نوجوانوں کو آن جاب اور ٹریننگ دونوں طرح کی تربیت ملے گی جو انہیں قابل بازار مہارت اور عملی تجربے سے آراستہ کرے گی۔ مزید برآں 25,000 روپے سے لے کر40,000 روپے تک ماہانہ وظیفے فراہم کیے جائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منصوبہ بندی کمیشن کے ممبر (سوشل سیکٹر اینڈ ڈیولیشن) رفیع اللہ کاکڑ نے بتایا کہ یہ پروگرام نوجوان گریجوایٹس کے لیے قابل قدر کام کا تجربہ حاصل کرنے اور جاب مارکیٹ میں اپنے امکانات کو بڑھانے کا ایک قابل ذکر موقع فراہم کرے گا۔ یاد رہے کہ ممبر سوشل سیکٹر رفیع اللہ نے مختصر دورانیہ میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی سربراہی میں اس منصوبے کی عملدرآمد کو یقینی بنایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا ان ایوارڈز کا مقصد ملک کی ترقی میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے والے افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ان افراد کی ان تھک محنت کے نتیجے میں یہ ایوارڈ کے مستحق ہیں۔ اپریل 2022 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے حکومت کی طرف سے کیے گئے متعدد اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے ملک کے نوجوانوں کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں جن میں 10 بلین روپے کا سکل ڈویلپمنٹ پروگرام شامل ہے جو ہنر کی تربیت فراہم کرنے والوں کے ساتھ شراکت قائم کرتا ہے، مہارت کے فرق کو دور کرنے اور جدید اور آئی سی ٹی پر مبنی مہارتوں کو فروغ دینے کے لیے، یہ مہارتیں قومی اور بین الاقوامی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہیں جو ہمارے نوجوانوں کو انتہائی مطلوب اثاثہ بناتی ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ عالمی چیلنجز سے پہلے اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے لیے 75 ارب روپے مختص کرنے سے ہمارا مقصد اعلیٰ تعلیم تک رسائی اور معیار کو فروغ دینا ہے، اس میں صوبہ کے پی میں سابقہ فاٹا کے پسماندہ علاقوں کے طلباء کے لیے 5,000 وظائف اور دنیا کی ٹاپ 25 عالمی یونیورسٹیوں میں سب سے زیادہ ہونہار طلباء کے لیے 75 اسکالرشپ کا آغاز کرنا، ہمارے بہترین اور ذہین طلباء کو عالمی معیار کی تعلیم اور نمائش کے حصول کو یقینی بنانا شامل ہے، حکومت نے 25 بلین مالیت کا ایک قومی فنڈ "آؤٹ آف سکول چلڈرن” قائم کیا ہے جس کا مقصد سکول سے باہر بچوں کے بحران سے نمٹنے کے لیے اہم اقدامات کو اجاگر کرنا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ جب پاکستان اپنی 75ویں سالگرہ منا رہا ہے، ہم ایک ایسے موڑ پر کھڑے ہیں جہاں ہم اپنی ترقی کے سفر کی عکاسی کرتے ہیں اور اس سے بھی بڑے امکانات کے مستقبل کا تصور کرتے ہیں، آج کے واقعات اس جذبے کی عکاسی کرتے ہیں۔ سید ظفر علی شاہ نے ملک کی ترقی کے لیے گمنام ہیروز کے کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔