ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سے وزارت ہوا بازی کے سیکرٹری کی ملاقات، بنوں ایئر پورٹ کی اپ گریڈیشن اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال

137

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی سے وزارت ہوا بازی کے سیکرٹری شوکت علی نے پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں بنوں ایئر پورٹ کی اپ گریڈیشن اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوے ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ بنوں ائیرپورٹ کی اپ گریڈیشن اور اسے بین الاقوامی ایئر پورٹ کا درجہ دینے کیلئے 2018 میں سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے باقاعدہ منظوری دی تھی اور 19-2018 کے ترقیاتی بجٹ میں اس کیلئے فنڈز مختص کئے گئے تاہم گزشتہ حکومت نے اس منصوبے پر کوئی توجہ نہیں دی اور پی ایس ڈی پی سے بھی اخراج کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ انکی درخواست پر وزیر اعظم میں محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے لوگوں کے اس دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے کیلئے حالیہ ترقیاتی بجٹ میں اس کیلئے فنڈز مختص کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں دوبارہ اس منصوبے کیلئے فنڈ مختص کئے گئے ہیں ۔ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ بنوں خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں مرکزی حثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع کے عوام کی ایک بڑی تعداد مشرقی وسطیٰ اور دیگر عرب ممالک میں روزگار کے سلسلے میں مقیم ہے اور ملک کے لئے قیمتی زرمبادلہ کما رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بنوں ائیرپورٹ کی اپ گریڈیشن سے ناصرف بیرونی ممالک کام کرنے والے جنوبی اضلاع کے باشندوں کی سفری مشکلات حل ہوں گی بلکہ اس سے پشاور ائیرپورٹ پر بھی لوڈ کم ہوگا ۔

انہوں نے سیکرٹری ہوا بازی کو اس منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ کو جلد از جلد مکمل کرکے اس پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری ہوا بازی شوکت علی نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کو منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوے بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے آفسران اس منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ پر کام کر رہے ہیں اور اسے جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔انہوں نے ڈپٹی سپیکر کو اس منصوبے پر جلد کام کے آغاز کی یقین دہانی کرائی اور وزارت ہوا بازی کی جانب سے اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔