ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے وائس چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب شکایت سیل ناصر سلیمان کی ملاقات

101
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے وائس چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب شکایت سیل ناصر سلیمان کی ملاقات

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے وائس چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب شکایت سیل ناصر سلیمان نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت مختلف فلاحی و ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کی بہترین پالیسیوں کے باعث مالی سال 20-21 میں پاکستان کی جی ڈی پی نمو کا تخمینہ 3.94 فیصد ہے۔ زرعی، صنعتی اور خدمات کے شعبے میں رواں سال کے دوران 2.77 فیصد، 3.57 فیصد، اور 4.43 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ فی کس آمدنی سنہ 2019-20 میں 1361 ڈالر سے 13.4 فیصد بڑھ کر 2020-21 میں 1543 ڈالر ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ پاکستان اور بالخصوص پنجاب میں بہت بڑی تبدیلی ہے اس سے پہلے کی حکومتوں نے صحت سے متعلق عوامی مسائل پر کبھی توجہ نہیں دی۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے وفاقی حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں ہونے والی کامیابیوں کے حوالے سے کہا کہ ‏رواں مالی سال کے دوران مجموعی قومی پیداوار 263 ارب ڈالر سے بڑھ کر 296 ارب ڈالر ہوگئی،

ایک سال کے دوران مجموعی قومی پیداوار میں 33 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا جو کسی بھی سال میں سب سے زیادہ ہے۔ مارچ میں برآمدات تین ارب 20 کروڑ ڈالر، غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب ڈالر سے بڑھ گئے ہیں۔ قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ ‏احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت گزشتہ سال ایک کروڑ 50 لاکھ گھرانوں میں 12 ہزار روپے فی خاندان رقوم تقسیم کی گئیں جس کا مطلب ہے کہ دس کرڑ سے زائد افراد یا ملک کی آدھی آبادی کی مالی معاونت کی گئی۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پر پاکستان چائنا اکنامک کوریڈور کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‏سی پیک کے تحت چار اقتصادی زونز پر کام جاری ہے اور 14 لاکھ نوکریاں پیدا ہوں گی، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سے مقامی آبادی کو دو لاکھ، رشکئی اقتصادی زون سے ایک لاکھ، بوستان اقتصادی زون سے 55 ہزار اور دھابیجی اقتصادی زون میں 80 ہزار روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب شکایت سیل ناصر سلیمان نے کہا کہ کورونا کے باوجود اس سال پنجاب میں ریکارڈ فصلیں ہوئی ہیں اور گندم کی ریکارڈ فصل سے کسانوں کو اس سال اچھی رقوم ملنہ ہیں۔

فلاحی کاموں میں صحت انصاف کارڈ حکومت وقت کی بہت بڑی تبدیلی ہے اور عوام اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔ ناصر سلیمان نے کہا کہ کسان کارڈ پنجاب حکومت کا کسانوں کی مدد کے لئے ایک بڑا اقدام ہے۔ انہوں نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی خدمات کو سراہا۔