ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان سے خیبر پختونخوا ، بلوچستان اور دیگر علاقوں سے آئے وفود کی ملاقاتیں

125
Syedal Khan

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان سے خیبر پختونخوا ، بلوچستان اور ملک کے مختلف علاقوں سے آئے وفود کے علاوہ سینیٹر نواب عمر فاروق کاسی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقاتیں کیں ۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ وفود کو خوش آمدید کہا ۔ وفد سے تبادلہ خیال میں انہوں نے کہا کہ ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا ،اس وقت سب سے اہم ڈائیلاگ تحمل اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ہمیں ان اقتصادی اور معاشی پالیسیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے جو ملک کو مسائل سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوں گی ۔

اس موقع پر سیدال خان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشن پر پا ک فوج کو مبارکباد دی اور پاک آرمی کے آفیسر اور اہلکاروں کی شہادت پر اظہار یکجہتی بھی کیا ۔ انہوں کہا کہ دہشت گردانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو غیر متزلزل نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک کامیاب آپریشن میں ہمارے ایک نوجوان نے جام شہادت نوش کیا ہے ان کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر اور حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر بلوچستان میں مائننگ اور دیگر دوسرے شعبوں میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا بھی خصوصی ذکر کیا ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری سے بےروزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور مزید روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔انہوں نے وفود کو بتایا کہ بڑی تعداد میں غیر ملکی کمپنیاں اور ماہرین بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لئے پر عزم ہیں اور ان نئے منصوبوں کی بدولت بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا باب کھل جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے ثمرات پورے ملک پر نظر ائیں گے کیونکہ بلوچستان و سطی ایشیائی ممالک اور خطے کے ساتھ رابطہ کاری کے لئے معاون ثابت ہوگا ۔ اس موقع پر گوادر بندرگاہ کا بھی ذکر کیا گیا۔ سیدال خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایک ایسی بندرگاہ سے نوازا ہے جو خطے کی رابطہ کاری کے لئے ایک تجارتی مرکز کے طور پر ابھرے گی ۔