ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی سے یمن کے سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعاون، باہمی روابط کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا

44

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے کہا ہے کہ یمن اور پاکستان مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی مماثلتوں میں پروئے ہوئے ہیں،خطے کی قیادت کو امن اور ترقی کے لئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یمن کے سفیر محمد مطہر الاشابی سے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں دو طرفہ تعاون، باہمی روابط کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان امن اور ترقی پر یقین رکھتا ہے۔ مذاکرات ہی مسائل کا واحد حل ہیں۔ جنگ کسی بھی مسئلے کاحل نہیں ہوتا۔ہمارا پیغام امن اور انسانیت سے محبت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن اور پاکستان کے بہترین تاریخی تعلقات ہیں۔

ڈپٹی چیئر مین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ سفارتی پارلیمانی اور تجارتی سطح پر رابطہ کاری کو مزید فروغ دینا چاہیے اورخطے کی قیادت کو امن اور ترقی کے لئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کی بات کی ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ملاقات میں ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عوامی سطح پر دوطرفہ روابط کو اہم سمجھتے ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سفیر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے سفیر پاکستان اور یمن کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کریں گے۔ یمن کے سفیر نے کہا کہ خطے میں امن کے فروغ کے لئے پاکستان کی کوششیں لائق تحسین ہیں،امن اور ترقی ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے۔