ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر رانا عمران سکندر کی ملاقات، پمز کی کارکردگی، درپیش مسائل اور دستیاب طبی سہولیات بارے بریفنگ دی

126
Deputy Chairman Senate Syedal Khan
Deputy Chairman Senate Syedal Khan

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر رانا عمران سکندر نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی کارکردگی، درپیش مسائل اور دستیاب طبی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پمز کو ملک کا ایک اہم ہسپتال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان سے مریضوں کے دبائو کے باعث طبی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے ہسپتال میں خراب مشینری کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو اکثر باہر سے ٹیسٹ کروانے پڑتے ہیں جو عوام کے لیے مشکلات پیدا کرتا ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ فنڈز کی فراہمی کے ذریعے نئی مشینری کی خریداری کے عمل کو تیز کیا جائے اور وارڈز کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے انتظامی عملے اور ماہرین کو اجتماعی طور پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے غریب مریضوں کو لائنوں میں لگ کر خون کے نمونے جمع کرانے کے نظام کو تبدیل کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ وقت اور وسائل کا ضیاع نہ ہو

سیدال خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور حکومت عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے پوری طرح کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی زیر سرپرستی پمز کے مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے زیر غور ہیں تاکہ صحت کی سہولیات ہر شہری تک پہنچائی جا سکیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔