ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے وکلاء، سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت مختلف وفود کی ملاقاتیں

112

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے وکلاء، سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت مختلف وفود نے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقاتیں کیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفود کو خوش آمدید کہتے ہوئے پارلیمان، سول سوسائٹی اور دیگر اہم پلیٹ فارمز کے مابین رابطہ کاری کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ملاقاتوں سے کارکردگی میں نکھار آتا ہے اور مختلف خیالات سے استفادے کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمان اور سول سوسائٹی کے درمیان مضبوط رابطہ معاشرے کو علمی اور تخلیقی لحاظ سے آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وکلاء تنظیموں اور سول سوسائٹی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل میں مسائل سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں ان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کھیل، صحت اور تعلیم کے شعبے میں تمام اداروں کے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے بلوچستان میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کے بدولت مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور ہم ان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بلوچستان کی نوجوان نسل کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا۔انہوں نے لیپ ٹاپ سکیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس سے طلباء کو بے حد فائدہ پہنچا ہے اور دور دراز علاقوں تک اس کی رسائی کو ممکن بنانا ضروری ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بیوروکریسی پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے دانش سکولز کے نظام، سولر سکیم اور صحت عامہ سے متعلق اقدامات کو سراہا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان سمیت ملک کے دور افتادہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبے زندگی کے معیار کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ملاقات کے دوران، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفود کو ایوان بالا کی کارکردگی اور آئینی کردار سے بھی آگاہ کیا۔