ڈپٹی کمشنر بہاولپور کی زیر صدارت اجلاس،افسران کو کارکردگی کےمقرر کردہ معیار پر عملدرآمد کی ہدایت

73
شہدائے ہزارہ پولیس سپورٹس کمپیٹیشن 2025 کا پہلا ایڈیشن شروع ہو گیا

بھاولپور۔ 27 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میں سرکاری محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے وضع کردہ”کی پرفارمنس انڈیکیٹرز“ پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر اورمختلف سرکاری محکموں کے افسران شریک ہوئے جبکہ دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ کارکردگی کےمقرر کردہ معیار پر مکمل طور پرعملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے طے کردہ”کی پرفارمنس انڈیکیٹرز“ پر عملدرآمد میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ کی پرفارمنس انڈیکیٹرزپر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ کے عمل کو مؤثربنائیں اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی کے لیے یونین کونسل کی سطح پر مزید اقدامات کئے جائیں۔

واضح رہے کہ حکومت پنجاب کے مقرر کردہ کارکردگی کے اعشاریوں میں ستھرا پنجاب پروگرام، ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ، روٹی کی قیمت پر عملدرآمد، قیمتوں کا کنٹرول، ہسپتالوں اور مراکز صحت کی دیکھ بھال، تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی، کھلے مین ہولز پر ڈھکن کی تنصیب، آوارہ کتوں کی تلفی، پلاسٹک بیگز پر پابندی، تجاوزات کا خاتمہ، وال چاکنگ کی روک تھام اور سٹریٹ لائٹس کو فنکشنل رکھنے جیسے اہداف شامل ہیں۔