31.6 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومعلاقائی خبریںڈپٹی کمشنر سکھر کی زیر صدارت اجلاس ، انسداد پولیو مہم کے...

ڈپٹی کمشنر سکھر کی زیر صدارت اجلاس ، انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

- Advertisement -

سکھر۔ 17 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو کی زیر صدارت سکھر ضلع میں 21 اپریل سے شروع ہونے والی انسداد پولیو کی قومی مہم کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کے ذمہ داران کو چاہیے کہ پولیو مہم کے دوران ایک جامع منصوبہ بنائیں جس سے واضح بہتری محسوس ہو۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ایک قومی فریضہ ہے لہٰذا ایسا کام کیا جائے کہ یہ مہم روایتی مہم محسوس نہ ہو اور یہ تب ہی ممکن ہے جب جزا اور سزا کے اصولوں پر عمل کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے کہا کہ کسی بھی کام کے دوران پولیو ورکرز کی حوصلہ افزائی سے ان کے حوصلے بڑھتے ہیں اور وہ پہلے سے بہتر نتائج دیتے ہیں لہٰذا یہ ضروری ہے کہ اچھا کام کرنے والوں کو سراہا جائے اور ناقص کارکردگی دکھانے والوں کو سزا دی جائے۔

- Advertisement -

انہوں نے کوتاہی اور غلط رپورٹنگ کرنے والوں کے لیے واضح پیغام دیا کہ انہیں ملازمتوں سے برطرف کر دیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر گھر کے دروازے پر نہیں بلکہ ہر گھر کے اندر جا کر پولیو کے قطرے پلائے جائیں اور یہ جواز قبول نہ کیا جائے کہ بچے آرام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن گھروں یا بچوں تک رسائی نہیں ہو یا جو والدین ٹال مٹول سے کام لیں، ان کی کاؤنسلنگ کی جائے۔ اگر پھر بھی وہ قائل نہ ہوں تو ایسے گھروں کو "نو ریسپانسو” کے طور پر مارک کرکے پولیس سے مدد طلب کی جائے۔

 

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ضلعی پولیس کو ہدایت کی کہ آئندہ پولیو مہم کے دوران لیڈی پولیس اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے تمام یونین کونسل میڈیکل آفیسرز اور ایریا انچارجز کو تاکید کی کہ وہ پولیو ٹیموں کو پابند کریں کہ وہ جلدی بازی سے گریز کریں اور سکون و اطمینان سے تمام گھروں کو کور کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران تمام علاقوں اور بچوں کو کور کرنے کے لیے ایک ایپ تیار کی جائے جس میں بچوں کا اندراج کیا جائے۔ انہوں نے پی پی ایچ آئی کے ذمہ داران کو ہدایت دی کہ وہ مہم کے تمام دنوں کے دوران فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو نے ہدایت کی کہ بس ٹرمینل سکھر کے علاوہ سٹی پوائنٹ اور ببرلو ء بائی پاس پر بھی ٹیمیں تعینات کی جائیں تاکہ آنے جانے والی ہر گاڑی اور کوچ کو روک کر 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں، اسی طرح روہڑی ریلوے اسٹیشن پر رکنے والی ہر آنے جانے والی ٹرین میں موجود بچوں کو بھی کور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کی رکاوٹوں اور دشواریوں کے دوران پولیو ٹیموں کو پولیس، ریلوے پولیس اور رینجرز کی مکمل مدد حاصل رہے گی۔ محکمہ صحت کے افسران نے سکھر ضلع میں 21 اپریل سے 27 اپریل تک جاری رہنے والی پولیو مہم کے بارے میں اعداد و شمار کے ساتھ بریفنگ دی۔ اجلاس میں ضلعی صحت آفیسر ڈاکٹر یاسر گبول، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سکھر ثوبیہ فلک، اسسٹنٹ کمشنر روہڑی غلام مرتضیٰ، ڈاکٹر تنویر عباسی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583538

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں