ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد نے سات روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کردیا

98

نوابشاہ۔ 19 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن نے ڈی سی آفیس کے دربار ہال میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاکر سات روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کردیا ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر شہریار گل میمن کی زیر صدارت قومی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک اجلاس آج ڈی سی آفیس کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قومی انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے کیونکہ مستقل کے معماروں کو پولیو جیسی خطرناک وائرس سے محفوظ بنانے کے لیے پولیو سے بچاؤ کے قطرے واحد ذریعہ ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ گرمی کے موسم کے پیش نظر مہم کے دوران پولیو ویکسین کی کولڈ چین برقرار رکھنے اور پولیو ٹیموں کو گرمی سے بچاؤ کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے دوران نئی یونین کونسلوں پر بھی خصوصی توجہ دیکر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوران گھر گھر آنے والی پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیس اہلکاروں کی مقرری کو یقینی بنائیں۔