ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت ماہانہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس کا انعقاد

106

راولپنڈی۔18اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت ماہانہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس ڈویژنل فارسٹ آفس جھیکا گلی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران اور اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلیک سپاٹس کی نشاندہی، غیر قانونی پٹرول اور گیس فلنگ سٹیشنز کے خلاف کارروائی، سلنڈر دھماکوں، کھلے مین ہولز اور گڑھوں کی مرمت، آوارہ کتوں کے کاٹنے جیسے اہم مسائل زیر غور آئے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے شروع کی جانے والی ایئر ایمبولینس سروس اور جنگلات میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے واقعات سمیت شدید گرمی میں ندی نالوں میں ڈوبنے جیسے واقعات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر مری کو اجلاس میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان اور سیفٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی انجینئر کامران رشید اور پی ڈی ایم اے کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر سید حارث علی نے تمام کور پلانز اور حفاظتی اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ گرمائی سیزن پلان کو بروقت مکمل کیا جائے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو ہیلپ لائن 1122 کے علاوہ ریسکیو کنٹرول روم کے نمبرز 0519330016، 0519330025 اور ضلعی کنٹرول روم کے نمبرز 0519269016، 0519269018 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔