سرگودھا۔ 16 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن(ر) محمد وسیم نے کہا ہے کہ سموگ کا سبب بننے والے کمرشل یونٹس و ٹرانسپورٹ کے خلاف تمام محکمے ہنگامی بنیادوں پر کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سموگ اور ماحولیاتی آلُودگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں کیا۔
انہوں نے ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے بھٹہ خشت ، انڈسٹریل یونٹس ، فصلوں کی باقیات،کوڑا جلانے، ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں کو نوٹس بھجوا کر سربمہر کرنے ، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کو مشترکہ کارروائی کرنے اور پرانی ٹیکنالوجی پر قائم خشت بھٹہ جات کو گرانے کی ہدایت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے تما م تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے کمرشل یونٹس وگاڑیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کرکے رپورٹ اُن کے دفتر بھجوانے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے سموگ سے بچائو کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کروانے ، ماسک کے استعمال ،غیر ضروری سفر سے گریز ، کھلی جگہوں میں جانے سے اجتناب کرنے کے ساتھ مستقبل میں اس آفت سے بچائو کیلئے آگاہی مہم تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں تما م تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، ماحولیات ، زراعت ، پی ایچ اے ، ٹریفک پولیس ، جنگلات ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔