ڈھاکہ۔26اگست (اے پی پی):بنگلہ دیش کے کسٹمز حکام نے ڈھاکہ ایئرپورٹ پر غیر ملکی خاتون سے ایک ارب 30 کروڑ ٹکے (تقریباً تین ارب روپے ) مالیت کی کوکین پکڑ لی ہے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ڈائریکٹوریٹ نے جنوبی امریکی ملک گیانا سے تعلق رکھنے والی خاتون کو حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا ہے ۔خاتون کی شناخت کیرن پٹولا سٹافلی کے طور پر ہوئی ہے۔
کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ڈائریکٹوریٹ کی ڈپٹی ڈائریکٹر سونیا اختر نے بتایا کہ اس اطلاع کی بنیاد پر کہ ایک خاتون قطر ایئرویز کی پرواز میں دوحہ سے بڑی مقدار میں کوکین لے کر بنگلہ دیش پہنچ رہی تھی، ہم نے ہوائی اڈے پر الرٹ جاری کیا، بعد ازاں، جب خاتون آن ارائیول ویزا کی رسمی کارروائیاں مکمل کر کے گرین چینل کراس کر رہی تھی، تو ہم نے اسے حراست میں لے لیا اور تلاشی لی۔سونیا اختر نے بتایا کہ تلاشی کے دوران تین پلاسٹک کے برتن ملے۔
جار کے اندر سے، کوکین کے 22 بیضوی شکل کے ورق سے لپٹے ہوئے پیکج برآمد ہوئے، جن کی تصدیق محکمہ نارکوٹکس کنٹرول (DNC)، ایئرپورٹ یونٹ کے ابتدائی ٹیسٹ میں ہوئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ انوینٹری کے عمل اور ابتدائی ٹیسٹ کے دوران ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن کے دو سب انسپکٹر اور دیگر انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ارکان موجود تھے۔
ضبط کی گئی کوکین کا وزن 8.66 کلو گرام ہے، جس کی مارکیٹ قیمت تقریباً 130 کروڑ ٹکے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سمگلنگ کے الزام میں پینل کوڈ اور کسٹم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کے لیے محکمانہ کارروائی جاری ہے۔