ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کا ہری پور کا دورہ ، سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا

21

ہری پور۔ 03 جولائی (اے پی پی):ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے ہری پور کا دورہ کرکے محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر ہری پور شوذب عباس اور ڈی پی او ہری پور فرحان خان سے سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ لی۔ڈی آئی جی ہزارہ نے آٹھویں اور نویں محرم الحرام کے جلوس روٹس اور مرکزی امام بارگاہ محلہ موتیاں کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے سیکیورٹی پر تعینات افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام میں سیکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی کمی کوتاہی نہ کی جائے۔

انہوں نے فرائض منصبی چاک و چوبند رہتے ہوئے بہترین انداز سے سرانجام دینے پر زور دیا۔ناصر محمود ستی نے جلوس میں شرکت کرنے والے افراد کی جامع تلاشی، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ، واک تھرو گیٹس کی تنصیب اور سیکیورٹی کیمروں سے مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کی بھی تاکید کی۔اپنے دورے کے دوران ڈی آئی جی ہزارہ نے امن کمیٹی کے عہدیداران اور اہل تشیع اکابرین سے ملاقات کی۔ اہل تشیع اکابرین و منتظمین نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے سیکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔